اسلام آناد میٹرو پولیٹن کارپوریشن نے گھروں پر صفائی ٹیکس کی منظوری دیدی

104

اسلام آباد(آن لائن)اسلام آبادمیٹرو پولیٹن کارپوریشن نے گھروں پر صفائی ٹیکس عاید کرنے کی منظوری دے دی۔تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کی حکومت میں عوام کو ایک اور ٹیکس کا سامنا کرنا پڑ گیا، میٹرو پولیٹن کارپوریشن نے گھروں پر صفائی ٹیکس لگانے کی منظوری دے دی ہے،7رکنی کمیٹی نے صفائی ٹیکس لگانے کے لیے سفارشات کی تھیں،میٹرو پولیٹن کارپوریشن نے صفائی ٹیکس لگانے کے لیے کمیٹی تشکیل دی تھی،میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے اجلاس میں سفارشات کی منظوری دی گئی تھی، سرکاری گھروں پر300سے ایک ہزار تک ماہانہ ٹیکس عاید کیا گیا ہے،پرائیویٹ گھروں پر 400 سے4ہزار روپے تک ماہانہ ٹیکس عاید کیا گیا ہے۔ مختلف مراکز،بلیو ایریا کی عمارتوں پر4 سے 5 روپے فی مربع فٹ ٹیکس عاید کیا گیاہے۔شہری اوردیہی علاقوں کی سرکاری عمارتوں پر 2روپے فی مربع فٹ ٹیکس عاید کیا گیا ہے۔پیٹر ول پمپس، ہوٹلز، شادی ہالز اور انڈسٹریل ایریا پر بھی صفائی ٹیکس عاید کیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ میونسپل کارپوریشن نے گھروں پر صفائی ٹیکس لگانے کے لیے تجاویز مانگی تھیں۔ذرائع کا کہنا تھا کہ دیہی اور شہری علاقوں میں صفائی پر سالانہ2 ارب اخراجات آتے ہیں،اسی تناظر میں حکومت نے اسلام آباد کے ہر گھر پر صفائی ٹیکس لگانے کا فیصلہ کیا تھا۔ سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیوایم اسلام آباد انجینئرسید ظہیر عباس کاکہا تھا کہ اسلام آباد کے شہریوں پر صفائی ٹیکس کا نفاذ قبول نہیں کریں گے، اختیارتی تقسیم نے شہرکو مسائلستان بنا دیا ہے، شہری انتظامیہ شہرکے معاملات چلانے میں ناکام نظر آتی ہے ،وفاقی دارالحکومت میں شہری انتظامیہ کو غیر سیاسی ہونا چاہیے،وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی نظام کے نفاذنے نہ صرف اداروں کے درمیان کھنچاتانی پیدا کی بلکہ شہرکے مسائل میں اضافہ کردیا۔
صفائی ٹیکس