ای سی ایل سے نام اخراج کیس‘رائو انوار کی فوری سماعت کی درخواست مسترد

85

اسلام آباد (اے پی پی) عدالت عظمیٰ نے سابق ایس ایس پی ملیر رائو انوار کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے لیے دائر نظرثانی کی درخواست کی سماعت آئندہ جمعہ کو مقرر کرنے کی استدعا مسترد کردی اور کہا ہے کہ یہ کیس سماعت کے لیے2 ہفتے میں مقرر کرلیا جائے گا۔ جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں3 رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت دوسرے فریق کے وکیل نے عدالت سے کیس کی سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کی اور کہا کہ وہ بیمار ہیں اور علالت کے باعث ان کے لیے دلائل دینا ممکن نہیں جبکہ رائو
انوار کے وکیل نے استدعا کی کہ کیس کی سماعت جمعہ کو مقرر کی جائے، تاہم عدالت نے ان کی استدعا مسترد کر تے ہوئے کہا کہ ممکن ہے اس کیس کی سماعت طول پکڑ جائے جبکہ جمعہ کے دن طویل کیس نہیں سنے جا سکتے۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے ان سے کہا کہ آخر عدالت عظمیٰ میں آپ کو کیا جلدی ہے، اگرآپ نے ای سی ایل سے نام نکلوانا ہے تو ٹرائل کورٹ سے رجوع کریں، جس پررائو انوار کے وکیل نے کہاکہ رائو انوار کا نام عدالت عظمیٰ کے حکم پر ای سی ایل میں ڈالا گیا، اس لیے اب ہم ٹرائل کورٹ نہیں جا سکتے، جس پربینچ کے سربراہ نے کہاکہ یہ کیس 2ہفتے تک دوبارہ مقرر ہو جائے گا۔