لاہور میں جماعت اسلامی کے زیراہتمام کشمیر بچاؤ مارچ۔وزیراعظم کی تقریران کا تعاقب کررہی ہے‘سراج الحق

499
لاہور میں جماعت اسلامی کے زیراہتمام کشمیر بچاؤ مارچ۔وزیراعظم کی تقریران کا تعاقب کررہی ہے‘سراج الحق
لاہور میں جماعت اسلامی کے زیراہتمام کشمیر بچاؤ مارچ۔وزیراعظم کی تقریران کا تعاقب کررہی ہے‘سراج الحق

لاہور(نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ پورے ملک کے عوام کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے نکلے ہیں مگر خودکو ٹیپو سلطان کہنے والے وزیراعظم اسلام آباد کے ائر کنڈیشنر ہال میں بیٹھے ر ہے۔ 27 ستمبر کو اقوام متحدہ میں کی گئی تقریر انہیں ڈھونڈ تے ڈھونڈتے اسلام آباد پہنچ گئی ہے ۔ قوم کا خیال تھاکہ اس تقریر کے بعد وزیراعظم قومی قیادت کے ساتھ مل بیٹھ کر لائحہ عمل بنائیں گے اور کشمیرکی آزادی کے لیے کوئی عملی قدم اٹھائیں گے ۔ آج وزیراعظم نے ایک اور فتویٰ دیا ہے کہ اگر کوئی ایل او سی کی طرف بڑھا تو یہ غداری ہوگی اور وہ بھارت کو حملے کی دعوت دے گا ۔ دشمن سے بچنے کے لیے دیواریں بنانے والے دشمن سے بچ نہیں سکتے ۔ دنیا جانتی ہے کہ مودی کا ایجنڈا پاکستان کے خلاف جارحیت اور اکھنڈ بھارت ہے۔ یہ مودی گجرات کے ہزاروں مسلمانوں کا قاتل اور بابری مسجد کو جلانے کا مجرم ہے ۔ مودی کی کامیابی سے مسئلہ کشمیر حل ہونے کی خوشخبریاں سنانے والوں کی عقل پر ماتم کرنے کو دل چاہتاہے۔ یہ کہتے ہیں کہ مسئلہ کشمیر کا حل جہاد نہیں ، حالانکہ جہاد سے ہی کشمیر کا 28 ہزار مربع کلو میٹر حصہ آزاد ہوا تھا کل کے اور آج کے حکمران ضمیر کا بوجھ ہیں ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے جماعت اسلامی لاہور کے زیراہتمام لاہور میں مال روڈ پر ہونے والے آزادیٔ کشمیر مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ آزادیٔ کشمیر مارچ سے سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم ، نائب امیر لیاقت بلوچ ، آزاد کشمیر جماعت اسلامی کے امیر ڈاکٹر خالد محمود ، امیر جماعت اسلامی وسطی پنجاب محمد جاوید قصوری ، زبیر احمد ظہیر ، امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے بھی خطاب کیا ۔اس موقع پر نائب امرا جماعت اسلامی معراج الہدیٰ صدیقی ، عبدالغفار عزیز ، حافظ محمد ادریس ، شیخ الحدیث مولانا عبدالمالک، ڈپٹی سیکرٹری جنرل محمد اصغر ، اظہر اقبال حسن اور سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف بھی موجود تھے ۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ 72 سال سے کشمیری پاکستا ن کی بقا اور سا لمیت کی جنگ لڑ رہے ہیں ۔ انہوںنے اپنا آج آپ کے کل پر قربان کردیاہے مگر آپ کی غیر ت وحمیت ابھی تک سو رہی ہے ۔ کشمیری63 دن سے کرفیو میں گھرے ہوئے ہیں وہ اپنے مُردوں کو گھروں میں دفن کر رہے ہیں ۔ وزیراعظم نے امریکا کے خوف سے ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے لیے بات نہیں کی ۔ انہوںنے کہاکہ ٹرمپ اور مودی دونوں عالمی بدمعاش اور دھوکے باز ہیں ۔ قوم حکمرانوں کی طرف سے کسی عملی اقدام کا انتظار کر رہی ہے لیکن حکمران ٹس سے مس نہیں ہورہے ۔ انہوںنے کہاکہ اس وقت قومی وحدت کی ضرورت ہے ، وزیراعظم نے قومی وحدت کو پارا پارا کردیاہے اور حکومت تنہا کھڑی ہے ۔ حکمرانوں نے کشمیر کی آزادی کے لیے عملی اقدام نہ اٹھایا تو قوم کا ہاتھ اور حکمرانوں کا گریبان ہوگا ۔ نااہل حکومت نے معیشت اور سیاست تباہ کردی ہے، عدالتوں،اسپتالوں ،تعلیمی اداروں کا نظام تباہ ہوچکاہے ، کسانوں اورمزدوروں کے منہ سے آج کھانے کا لقمہ چھین لیا ہے اس حکومت سے کوئی توقع رکھنا عبث ہے ۔سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان امیر العظیم نے لاہورمیں آزادیٔ کشمیر مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ داتا کی نگری کے رہنے والوں نے آج سید علی گیلانی کا سر فخر سے بلند کردیاہے ۔ انہوںنے کہاکہ کشمیریوں کی قربانیوں کو حکمران مسلسل بیچ رہے ہیں ۔ پیپلز پارٹی نے راجیو گاندھی کو خوش کرنے کے لیے کشمیر کے بورڈ اتروا دیے ، وزیراعظم نوازشریف واجپائی کے لیے ریڈ کارپٹ بچھا رہے تھے ۔ موجودہ وزیراعظم نے بھی بے حسی کی انتہا کردی ہے۔ قوم پوچھتی ہے کہ مودی کو سلامتی کونسل کے ممبر کے لیے ووٹ کیوں دیا ؟۔ اسلام آباد کے حکمرانوں سے کہتاہوں کہ بے حمیتی کے کفن سے نکل آئو ایل او سی کے تقدس کا راگ الاپنا بند کرو اگر حکمرانوں نے جلد کوئی فیصلہ نہ کیا تو ہم ایل او سی بھی پار کریں گے اور اسلام آباد اور راولپنڈی کا بھی گھیرائو کریں گے ۔نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے آزادیٔ کشمیر مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کشمیریوں کے حوصلے ہمالیہ سے بلند ہیں اور مودی کا اقتدار ڈوبنے والاہے ۔ قوم منتظر ہے کہ پاکستان کے حکمران کب جہاد کا اعلان کرتے ہیں ۔ سفارتی محاذ پر ہم تنہا رہ گئے ہیں ، حکمران تقریر کو یاد کر کر کے تالیاں بجا رہے ہیں ۔ وزیراعظم کو اس تقریر کے بعد کشکول توڑ کر پاکستان کو مدینے کی طرز پر اسلامی ریاست بنانے کا اعلان کردینا چاہیے تھا ۔انہوںنے کہاکہ فوج ، حکومت اور پاکستانی قوم کشمیر کے مسئلے پر یک جان اور یک زبان ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ کشمیر کا مسئلہ جہاد کے بغیر حل نہیں ہوسکتا ۔ وزیراعظم کے قدموں کے نیچے سے زمین سرکتی جارہی ہے اگر انہوںنے مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے جلدعملی قدم نہ اٹھایا تو اپنے اقتدار کو بچا نہیں سکیں گے ۔ آزادیٔ کشمیر مارچ سے خطاب کرتے امیر جماعت اسلامی وسطی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہاکہ پاکستان کا بچہ بچہ کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہے ۔ ہم کشمیریوں کی جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیںجو ہر ظلم و جبر کے سامنے ڈٹ کر کھڑے ہیں اور بھارت کی غاصب فوج کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے لگا رہے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ اگر حکمرانوں نے کشمیریوں کے ساتھ غداری کی تو ان کے لیے اپنا اقتداربچانا مشکل ہو جائے گا ۔ انہوںنے کہاکہ نام نہاد بڑی پارٹیاں اپنی کرپشن کی دولت کو بچانے کی جنگ لڑرہی ہیں اور قوم کی اصل قیادت سراج الحق کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں ۔ امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے اپنے خطاب میں کہاکہ اہل لاہور نے غیرت و حمیت کا ثبوت دیتے ہوئے ہر گلی کوچے سے نکل کر اپنے کشمیری بھائیوں کو یکجہتی کا پیغام دیاہے اور حکمرانوں کی سوئی ہوئی غیرت کو جگانے کی کوشش کی ہے لیکن اگر حکمران اسی طرح سوئے رہے اور زندگی کا ثبوت نہ دیا تو پھر لاہور اور پاکستان کے عوام خود فیصلہ کریں گے اور سراج الحق کی قیادت میں ہر رکاوٹ کو عبور کر کے کشمیرپہنچیں گے ۔جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود نے آزادی ٔکشمیر مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کشمیر کی مظلوم قوم کے لیے زندہ دلان لاہور کی طرف سے بے مثال یکجہتی کے مظاہرے پر شکریہ ادا کرتا ہوں ۔ کشمیریوں کی زبان پر ایک ہی نعرہ ہے کہ کشمیر بنے گا پاکستان ۔ سید علی گیلانی ، میر واعظ عمر فاروق ، یاسین ملک اور مقبوضہ وادی کی ہر ماں بہن بیٹی کی طرف سے آپ کو یہ پیغام دینے آیاہوں کہ ہم آخری سانس تک بھارت کے سامنے کھڑے رہیں گے ۔ پاکستان کے حکمرانوں اور فوج کو آگے بڑھ کر اعلان جہاد کرناہوگا ۔ ہماری بیٹیوں کی عزتیں پامال ہورہی ہیں ہم زیادہ دیر انتظار نہیں کرسکتے ۔ اگر پاکستانی حکمرانوں نے کوئی عملی قدم نہ اٹھایا تو ہم تمام رکاوٹیں توڑ کر سری نگر تک پہنچیں گے اور مودی کا دہلی تک پیچھا کریں گے۔ علامہ زبیر احمد ظہیر نے اپنے خطاب میں کہاکہ کشمیریوں کے ساتھ وفاداری کے عظیم الشان مظاہرے پر جماعت اسلامی کی قیادت کو مبارکباد اور ان کی جدوجہد کو سلام پیش کرتاہوں ۔ لاہورکے عوام نے حکمرانوں کی منافقت کا پوری طرح پول کھول دیاہے ۔ مسئلہ کشمیر تقریروں سے نہیں شمشیرسے حل ہوگا۔

لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق آزادی کشمیر مارچ کے شرکا سے خطاب کر رہے ہیں