امریکی صدارتی امیدوارالزبتھ ویرن کی بھی کشمیر کی صورتحال پرتشویش

101

واشنگٹن (اے پی پی) امریکا میں ڈیموکریٹک پارٹی کی سینیٹراور صدارتی امیدوارالزبتھ ویرن نے مقبوضہ کشمیر میں عاید پابندیوں اور مواصلاتی نظام کی معطلی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بھارت پر زوردیا ہے کہ وہ کشمیریوں کے حقوق کا احترام کرے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق الزبتھ ویرن نے اپنی ایک ٹوئٹ میں کہا کہ امریکا اور بھارت کے درمیان تعلقات کی بنیاد مشترکہ جمہوری اقدار پر ہے اور مجھے مقبوضہ کشمیر میں مواصلاتی نظام کی مسلسل معطلی اور دیگر پابندیوں پر شدید تشویش ہے۔ انہوںنے کہاکہ کشمیریوں کے حقوق کا احترام کیاجانا چاہیے۔ امریکی سینیٹردوسری بااثر امریکی سیاستدان ہیں جنہوں نے کشمیر پر اپنی آواز اٹھائی ہے ۔ ان کا بیان ان کے ساتھی سینیٹر اور صدارتی امیدوار برنی سینڈرز کے اسی طرح کے بیان کے ایک ماہ بعد سامنے آیا ہے۔ برنی سینڈرز نے یکم ستمبرکو شمالی امریکا کے شہر ہیوسٹن میں اسلامک سوسائٹی کے سالانہ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر انتہائی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے امریکی حکومت پر زوردیاتھا کہ وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق تنازع کشمیر کے پرامن حل کی حمایت کرے ۔ انہوںنے کہاتھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی اقدامات ناقابل قبول ہیں۔