لاہور میں کشمیر بچائو مارچ ریلی دہلی کے لیے بڑا پیغام ثابت ہوگا، لیاقت بلوچ

338

لاہور (نمائندہ جسارت)نائب امیر جماعت اسلامی و سابق رکن قومی اسمبلی لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ کل لاہور میں ہونے والا کشمیر مارچ سری نگر اور دلی کے لیے بڑے پیغام کا باعث بنے گا،مودی نے اکھنڈ بھارت کی بنیاد رکھتے ہوئے جموں و کشمیر کو ہڑپ کرنے کا شر کھڑا کیا ہے یہ شر خود بھارت کو تباہ کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیشہ فرعون کے لیے موسیٰ پیدا کیا ہے ۔کشمیریوں کی لازوال قربانیاں مودی فرعون کے تکبر کو سمندر میںغرق کردیں گی۔انہوں نے کہا کہ حق خود ارادیت کشمیر یوں کا بنیادی انسانی حق ہے ۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ عمران خان اور حکومت اقوام متحدہ کی تقریر کے سحر اور لذت بے عمل کے ماحول سے باہر آئے۔حکمران عالمی برادری اور عالم اسلام کے عدم تعاون کی فکر کریں ۔اگر پاکستان کو حمایت نہیں مل رہی تو عالمی برادری نے مودی اقدامات کی بھی حمایت نہیں کی۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ہند کا جموں و کشمیر پر موقف مبنی برحق ہے ۔عالمی سفارتی محاذ اور جموں و کشمیر کے عوام کی عملی مدد کے لیے قومی اتفاق رائے سے حکمت عملی بنائی جائے ۔حکمران اسلام کے فضائل پر ہمیشہ تقریریں کرتے ہیں اب وقت آگیا ہے کہ پاکستان کو ریاست مدینہ کی طرز پر مثالی نظام دیا جائے ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عمران سرکار کی نااہلی اور غیر ذمے دارانہ حکمرانی نے مہنگائی ،بے روز گاری ،افراط زر ،پیداواری لاگت ناقابل برداشت بنادی ہے ۔سیاسی اور معاشی استحکام کے بغیر دشمن کا مقابلہ مشکل تر ہوتا ہے ۔اس موقع پر امیر جماعت اسلامی وسطی پنجاب محمد جاوید قصوری ،احمد سلمان بلوچ ،شاہد محمود ،نوید صادق خان ،ڈاکٹر سید حسنات ،پیر نوبہار شاہ اور عمر یونس نے بھی خطاب کیا۔