حریت پسندوں کو مقبوضہ کشمیر بھیجنے کیلیے کوئی لانچنگ پیڈ نہیں‘ سردار مسعود

113

واشنگٹن(صباح نیوز)آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ آزادکشمیر میں حریت پسندوں کو مقبوضہ کشمیر بھیجنے کے لیے کوئی لانچنگ پیڈ ہے اور نہ ہی حریت پسندوں کو مقبوضہ کشمیر میں لڑنے کے لیے تربیت دی جاتی ہے۔ بھارتی قومی سلامتی کے مشیر کی الزام تراشی مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کے غیر قانونی اقدامات اور دنیا کی مقبوضہ کشمیر کے واقعات سے توجہ ہٹانے کی بھونڈی کوشش ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے واشنگٹن میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوول کا بیان بے بنیاد اور حقائق کے منافی ہے۔ بلکہ ریاست کی مقامی قیادت کی رہنمائی میں بھارت کے ظلم کے ستائے ہوئے لوگوں کی جدو جہد ہے۔جوکہ نہتے اور بے گناہ لوگوں کے خلاف گزشتہ 7دہائیوں سے جاری ہے۔ صدر سردار مسعود نے کہا کہ بھارتی حکومت کے 5اگست کو اٹھائے گئے اقدمات غیر قانونی ، جنیوا کنونشن اور انٹر نیشنل کریمنل کورٹ کے اصولوں کے منافی ہیں۔ بھارت نے یکطرفہ طور پر کشمیر کی متنازع حیثیت کو ختم کرکے علاقے کو اپنی کالونی بنانے کی کوشش کی ہے اور عوام کی طرف سے اس اقدام کے خلاف رد عمل کے خدشے کے پیش نظر پوری ریاست میں کرفیو لگاکر 80لاکھ عوام کو اپنے گھروں کے اندر قید کر دیا ہے۔ گزشتہ 2ماہ کے دوران بھارتی فوج نے13 ہزار کشمیریوں کو جن میں نابالغ بچے بھی شامل ہیں کو گرفتار کرکے بھارت کی مختلف جیلوں میں بند کرکے ان پر بد ترین تشدد کیا جا رہا ہے۔