آزاد ی مارچ میں پارٹی کی قیادت نہیں کر سکتا، شہباز کی نواز شریف سے معذرت

97

لاہور(نمائندہ جسارت) مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے پارٹی قائد نواز شریف سے مولانا فضل الرحمان کے مارچ میں اپنی جماعت کی قیادت سے معذرت کرلی۔کوٹ لکھپت جیل میں قید مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف سے شہباز شریف نے ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے نواز شریف کو بلاول زرداری سے ملاقات اور آزادی مارچ سے متعلق آگاہ کیا۔نواز شریف نے شہباز شریف کو ہدایت کی کہ مولانا فضل الرحمان کے مجوزہ آزادی مارچ میں (ن) لیگی کارکن بھرپور شرکت کریں اور شہباز شریف مارچ میں پارٹی کی قیادت کریں۔شہباز شریف نے مارچ میں پارٹی کی قیادت سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ میری صحت اجازت نہیں دیتی کہ میں آزادی مارچ میں قیادت کر سکوں، ڈاکٹرز نے آرام کا مشورہ دیا ہے۔ جس پر نواز شریف نے کہا کہ اللہ آپ کو صحت دے اور آپ کی عدم موجودگی میں احسن اقبال پارٹی کی قیادت کریں۔نواز شریف نے کہا کہ فضل الرحمن جو فیصلہ کریں گے ن لیگ ساتھ دے گی۔نواز شریف نے خواجہ آصف کے دھرنے کی مخالفت کرنے پر بھی برہمی کا اظہار کیا۔دوسری جانب نواز شریف نے مولانا فضل الرحمان کے لیے پیغام بھیجا ہے کہ مہنگائی نے عام آدمی کا جینا مشکل کر رکھا ہے، حکومت عوام کو ریلیف دینے میں مکمل ناکام ہے، آزادی مارچ کا ایجنڈا مہنگائی کے خلاف احتجاج رکھا جائے۔