جی ٹی ٹرسٹ کی جانب سے2 ٹرک امدادی سامان زلزلہ متاثرین میں تقسیم

329
میرپور: سماجی کارکن سعد احمد جنجوعہ زلزلہ متاثرین میں امدادی سامان کی تقسیم کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہے ہیں
میرپور: سماجی کارکن سعد احمد جنجوعہ زلزلہ متاثرین میں امدادی سامان کی تقسیم کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہے ہیں

اسلام آباد (نمائندہ جسارت) معروف سماجی کارکن اور جی ٹی پاکستان کے کنوینر سعد احمد جنجوعہ نے زلزلہ زدگان کی امداد کے لیے جاتلاں میں امداد اور ضروری ساز و سامان پہنچانے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں امدای سامان کے 2 ٹرک جاتلاں اور گرد و نواح میں تقسیم کر دیے گئے ہیں۔ انہوں نے مخیر حضرات سے اپیل کی ہے کہ وہ امدادی کاموں میں بڑھ چڑھ کے حصہ لیں اور اس مشکل گھڑی میں ان تباہ حال لوگوں کے ساتھ کھڑے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام فلاحی کاموں میں دنیا میں اپنا مقام رکھتے ہیں اور آج کشمیریوں سے یکجہتی کے ساتھ ساتھ ان پاکستانی کشمیریوں کی مدد ہمارا اولین فرض اور ذمے داری ہے۔ سعد احمد جنجوعہ کا کہنا تھا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور بھارتی غاصبانہ قبضے کے بعد پاکستانی کشمیری بھی شدید غم و غصے میں ہیں اور اب قدرتی آفت کے باعث مشکلات کا شکار ہیں اس مرحلے میں ہمیں اپنے بھائیوں کی مدد یقینی بنا کر محب وطن پاکستانی ہونے کاثبوت دینا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جی ٹی ٹرسٹ پاکستان آئندہ چند روز میں مزید امدادی سامان کی کھیپ آزاد کشمیر اور زلزلہ زدہ علاقوں میں پہنچانے کا سلسلہ جاری رکھے گا جو ہمارا فرض بھی ہے اور ذمے داری بھی۔