اوقاف اراضی کی غیر قانونی الاٹمنٹ کا الزام ،شہباز شریف کیخلاف نیب انکوائری کی منظوری

129

اسلام آباد ( مانیٹر نگ ڈ یسک +اے پی پی )نیب ایگزیکٹو بورڈ نے مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے خلاف ایک اور کیس کی تحقیقات کی منظوری دے دی ہے۔نیب کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی زیر صدارت ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ہوا،جس میں مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف، سابق رکن قومی اسمبلی سمیع الحسن گیلانی، رکن پنجاب اسمبلی طاہر پرویز ،کاشف صہبائی ،شاہین ائر انٹرنیشنل کے مالکان ، سابق ڈپٹی اسپیکر اسمبلی پنجاب شیرعلی گورچانی سمیت دیگر کے خلاف کرپشن کیسز میں 7 انکوائریوں اور 5 انوسٹی گیشنز کی منظوری دی گئی۔شہباز شریف پر اوقاف اراضی کی غیرقانونی الاٹمنٹ کا الزام ہے، اس کے علاوہ ایگزیکٹو بورڈ نے سمیع الحسن گیلانی کیخلاف ٹیکس چوری کا کیس ایف بی آر کو بھیجنے، ڈاکٹر امجد کے خلاف ایڈن ہائوسنگ اسکینڈل میں 25 ارب روپے کی کرپشن کا ریفرنس دائر کرنے جب کہ سابق ڈپٹی اسپیکرپنجاب اسمبلی شیرعلی گورچانی کیخلاف انکوائری کی منظوری دی۔اجلاس کے دوران چیئرمین نیب نے کہا کہ بدعنوانی ایک ناسور ہے جو ملکی ترقی میں بڑی رکاوٹ ہے، ’احتساب سب کے لیے‘ کی پالیسی پر سختی سے عمل کررہے ہیں، بدعنوان عناصر سے لوٹی گئی رقم برآمد کرنے کیلیے کوشاں ہیں، 22 ماہ میں لوٹی گئی 71 ارب روپے کی رقم برآمد کرکے قومی خزانے میں جمع کرائی۔