مضبوط پاکستان ہی مظلوم کشمیریوں کو آزاد کرائے گا،جام کمال

124

کو ئٹہ(نمائندہ جسارت) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ ایک مضبوط پاکستان ہی کشمیر کا حل نکال سکتا ہے ، ہمیں مل کر پاکستان کو مضبوط سے مضبوط تر بنانا ہوگا، ہر کشمیری کی نظر پاکستان پر ہے اور پاکستان ہی کشمیریوں کو آزادی دلائے گا، پاکستان کشمیریوں کے لیے امید کی کرن تھا اور رہے گا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میںکشمیر پر منعقدہ نیشنل پارلیمنٹرینز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ کانفرنس میں بلوچستان کے وزرا، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی،سینیٹرز شریک ہوئے، انہوں نے کہا کہ 14اگست اور 6 ستمبر پر بلوچستان کے عوام نے کشمیری عوام کے ساتھ ہمدردی اور یکجہتی کا عملی ثبوت دیا ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کے عوام عالمی سطح پر کشمیریوں کی آوازہر فورم پر اٹھائیں گے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان مسئلہ کشمیر کو اجاگر کررہے ہیں، دنیا کو سمجھ لینا چاہیے کہ کشمیریوں کی تحریک آزادی کے حصول تک ختم نہیں ہوسکتی، کشمیر کے ساتھ پارلیمانی یکجہتی کا اظہار دنیا بھر کے لیے پیغام ہے کہ پاکستانی قوم مسئلہ کشمیر پر یک زبان ہے۔علاوہ ازیںجام کمال نے ضلع پشین میں غلط انجکشن سے 2 کمسن بچیوں کے جاں بحق ہو نے کا نوٹس لے کر 48گھنٹے میں تحقیقاتی رپورٹ طلب کرلی ۔ ڈپٹی کمشنر پشین میجر ریٹائرڈ اورنگزیب بادینی نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ لواحقین کے کہنے پر واقعے سے متعلق انکوائری ٹیم تشکیل دی تھی جس کی رپورٹ آگئی ہے رپورٹ کے مطابق بچیوں کی اموات حفاظتی ٹیکہ جات سے نہیں بلکہ دست اور اسہال سے ہوئی ہے دیگر بچوں کی حالت غیر ہونے سے متعلق افواہوں میں کوئی صداقت نہیں ہے ، چند عناصر مہم کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں
جام کمال خان