نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف وائرولوجی کا قیام مثبت قدم ہے‘ شفقت محمود

88

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وفاقی وزیربرائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود نے کہا ہے کہ ملک میں وائرل امراض کا پھیلائو بہت زیادہ ہے‘ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف وائرولوجی کا قیام مثبت قدم ہے‘وبائی امراض کی روک تھام کیلیے تحقیق میں مدد ملے گی۔یہ بات انہوں نے بدھ کو ڈاکٹر پنجوانی سینٹر برائے مالیکیور میڈیسن اور ڈرگ ریسرچ کے تحت بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی میں منعقدہ، نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف وائرولوجی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران کہی۔ اس موقع پر شیخ الجامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی، پروفیسر ڈاکٹر عطا الرحمن، آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چودھری اور حسین ابراہیم جمال فائونڈیشن کی ثمن عزیز جمال نے بھی خطاب کیا۔ وفاقی وزیرشفقت محمود نے کہا کہ تعلیم کا شعبہ ہر قسم کی سیاست سے پاک ہونا چاہیے‘ تعلیم کے فروغ کے لیے تمام صوبوں کو مل کر کام کرنا ہوگا‘ ملک میں یکساں تعلیمی نصاب کا جلد نفاذ ہوگا‘ حکومت فروغِ تعلیم کے لیے متعدد پروجیکٹس پر کام کررہی ہے‘ ملک میں یکساں تعلیمی نصاب کے نفاذ سے طبقاتی امتیازات میں کمی واقع ہوگی‘ حکومت نے59ارب روپے اعلیٰ تعلیم کی مد میں مختص کیے ہیں۔ پروفیسر خالد عراقی نے کہا کہ پاکستان میں انسٹی ٹیوٹ آف وائرولوجی کے قیام سے وائرولوجی کے شعبے میں استعداد پیدا ہوگی۔ پروفیسر اقبال چودھری نے کہا کہ پاکستان میں پولیو، ہیپاٹائٹس، ڈینگی، کانگو بخار اور خسرہ وغیرہ نمایاں ہیں، اس کے باوجود یہاں کوئی وائرولوجی سنیٹر موجود نہیں تھا‘ جدید تحقیقی و سائنسی آلات کی مدد سے اس نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف وائرولوجی میں وائرل امراض پر تحقیق کی جائے گی۔