کچرا پھیلانے والوں کو روکنے کیلیے دفعہ144نافذ کریںگے، وزیر بلدیات سندھ

88

کراچی(اسٹا ف رپورٹر)وزیر بلدیات سندھ سیدناصرحسین شاہ نے کہاہے کہ21ستمبرسے شروع ہونے والی صفائی مہم میں کے ایم سی سمیت تمام اداروں کی نمائندگی شامل ہے اورمیئر کراچی نے اس صفائی مہم کی مکمل حمایت کی ہے، سڑکوں پر کچرا پھیلانے والوں کوروکنے کے لیے دفعہ144نافذ کریں گے ،کراچی میں روزانہ12ہزار ٹن کچرا لینڈ فل سائیڈ پہنچایا جارہا ہے، اس کو مزید بہتر کیا جائے گا،حالیہ بارشوں میں ٹوٹ پھوٹ کا شکار سڑکوں کی مرمت کا کام بھی شروع کردیا گیا ہے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے صفائی مہم سے متعلق ایک اجلاس کی صدارت اور بعد ازاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی، کمشنر کراچی افتخارشلوانی، سیکرٹری بلدیات روشن علی شیخ، ڈپٹی کمشنرز، ڈی ایم سیز کے چیئرمین، بلدیاتی نمائندے اور کنٹونمنٹ ایریاز کے نمائندے بھی شریک تھے۔سید ناصرحسین شاہ کا کہنا تھا کہ بلدیاتی اداروں کے اجلاس میں صفائی مہم کی کامیابی کے لیے مشاورت کی گئی ہے ،تمام اداروں کو ساتھ مل کر اس مہم میں حصہ ڈالنا ہوگا،صفائی مہم کو کامیاب کرنے کے لیے تمام ادارے اپنا کردار ادا کریں،صفائی مہم کو سیاست کی نظر نہیں ہونے دیںگے،جو بھی صفائی مہم میں مشکلات پیدا کرے گا وہ شہر اور عوام کے لیے مشکلات پیدا کرنے کا ذمے دارٹہرے گا۔ناصر شاہ نے کہاکہ تمام اداروں کو بلانے کا مقصد سب کو ساتھ لے کر چلنا ہے ،تمام بلدیاتی نمائندوں اور متعلقہ اداروں کو صفائی مہم میں مکمل سہولیات فراہم کی جائیں گی،صفائی مہم کے دوران تمام ڈی ایم سیز کے چیئرمینز کا کردار انتہائی اہم ہے،یہ مہم ایک ماہ کی نہیں،ایک ماہ میں بیک لاگ میں کمی لانا ہے،عارضی جی ٹی ایس قائم کیے جائیں گے، صفائی کے بعد یہ جی ٹی ایس ختم کردیے جائیں گے،اس مہم میں یوسی ناظمین کو بھی شامل کریں گے،ڈی ایم سیز کو اپنا مکمل رول ادا کرنا پڑے گا۔