حکومت آزادی اظہار رائے کے حق پر کامل یقین رکھتی ہے، فردوس عاشق

362

اسلام آباد (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت آزادی اظہار رائے کے بنیادی، آئینی اور جمہوری حق پر کامل یقین رکھتی ہے،میڈیا ریاست کا چوتھا ستون ہے، اس کی آزادی اور آواز کو مزید طاقتور بنانے کے لیے پرعزم ہیں، میڈیا ٹریبونلز نہ صرف نئے کیسوں پر فیصلہ کریں گے بلکہ پیمرا اور دیگر عدالتوں میں زیر سماعت مقدمات بھی انہی ٹریبونلز کو منتقل کردیے جائیں گے، یہ ٹریبونلز نئے اور زیرالتوا مقدمات کا 90 دن میں فیصلہ کریں گے۔ بدھ کو اپنے ٹویٹ میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ پیمرا کے احتسابی عمل کو تنقید کا نشانہ بنایا جاتا تھا کہ اسے حکومت کنٹرول کرتی ہے، اب خصوصی میڈیا ٹریبونلز بنانے جا رہے ہیں تاکہ مقدمات کا جلد فیصلہ ممکن ہوسکے، یہ ٹربیونلز اعلیٰ عدلیہ کے زیر سرپرستی کام کریں گے، خصوصی ٹریبونلزمیڈیا ورکروں کے مسائل کے حل اور ان کو فوری انصاف کی فراہمی میں بھی سنگ میل ثابت ہوں گے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ یہ سارا عمل دنیا میں رائج قوانین اور اعلیٰ جمہوری اقدار کا حقیقی عکاس ہوگا، میڈیا کا ذمے دارانہ کردار ہی اس کی اصل قوت ہے۔