میئر کراچی انسٹیٹیوٹ آف ہارٹ ڈیزیز کے حوالے کردیں،مرتضیٰ وہاب

448

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر برائے قانون، ماحولیات اور ساحلی ترقی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے اورنگی ٹاؤن میں بارہویں چیسٹ پین یونٹ کا افتتاح کرتے ہوئے کہا ہے کہ میئر کراچی وسیم اختر کے ایم سی کے زیر انتظام چلنے والا کراچی انسٹیٹیوٹ آف ہارٹ ڈیزز سندھ حکومت کے حوالے کردیں تاکہ اسے بھی دل کے امراض کا معیاری اسپتال بنا کر علاقے کے لوگوں کو عالمی سطح کی صحت کی سہولیات فراہم کی جا سکیں‘ قومی ادارہ برائے امراض قلب کا لیاری میں واقع چیسٹ پین یونٹ ایک، دو روز میں ایک مکمل سیٹلائٹ سینٹر بنا دیا جائے گا‘ جہاں پر مریضوں کو انجیو گرافی اور انجیو پلاسٹی کی سہولیات میسر ہوں گی جس کے نتیجے میں مرکزی این آئی سی وی ڈی پر مریضوں کا دباؤ کم ہوگا‘ کراچی میں5 مزید چیسٹ پین یونٹ قائم کریں گے۔ چیسٹ پین یونٹ اورنگی ٹائون کے افتتاح کے موقع پر این آئی سی وی ڈی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ندیم قمر، ایمرجنسی سروسز کے انچارج ڈاکٹر زائر حسین، ماہرین امراض قلب اور مقامی نمائندے بھی موجود تھے۔ مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ میڈیا نے این آئی سی وی ڈی کا بہت ساتھ دیا جس کی وجہ سے وفاقی حکومت کو کراچی کے تینوں اسپتال سندھ حکومت کو واپس منتقل کرنے پڑے۔ انہوں نے کہا کہ میرا یہ خواب ہے کراچی انسٹیٹیوٹ آف ہارٹ ڈیزیز کو قومی ادارہ برائے امراض قلب کے ماتحت کردیا جائے تاکہ اسے بھی دل کے امراض کا معیاری اسپتال بنا کر علاقے کے لوگوں کو عالمی سطح کی صحت کی سہولیات فراہم کی جا سکیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال وفاق نے95 ارب روپے این ایف سی کی مد میں ہمیں نہیں دیے‘ رواں سال بھی ہمیں2 مہینے میں کئی ارب روپے نہیں ملے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میڈیکل اینڈڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) کو گزشتہ اور موجودہ وفاقی حکومت نے مذاق بنا دیا ہے‘ وزیر اعظم کونسل آف کومن انٹرسٹ (سی سی آئی) کا اجلاس طلب کرکے اس مسئلے کو حل کریں۔ این آئی سی وی ڈی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ندیم قمر کا کہنا تھا کہ اورنگی ٹاؤن ایشیا کی سب سے بڑی کچی آبادی ہے جہاں غریب اور متوسط طبقے کے افراد رہتے ہیں‘ ہمارا مشن ہے کہ غریب مریضوں کو صحت کی مفت اور معیاری سہولیات فراہم کی جائیں۔