کم جونگ اُن نے ٹرمپ کو دورہ شمالی کوریا کی دعوت دیدی

117

 

پیانگ یانگ (انٹرنیشنل ڈیسک) شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن کی جانب سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو خط لکھنے کا انکشاف ہوا ہے، جس میں انہوں نے صدر ٹرمپ کو دورہ شمالی کوریا کی دعوت دی ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق جنوبی کوریا کے ایک اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ گزشتہ ماہ اگست میں لکھے گئے خط میں شمالی کوریا کے رہنما نے امریکا کے ساتھ مذاکرات کے ایک اور دور کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔ گزشتہ سال جون سے لے کر اب تک امریکی صدر اور شمالی کوریا کے رہنما کے درمیان 3 ملاقاتیں ہو چکی ہیں، تاہم ان ملاقاتوں میں شمالی کوریا کے میزائل اور جوہری پروگرام سے متعلق کوئی اتفاق رائے نہیں ہو سکا۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان خط و کتابت اس سے پہلے بھی ہوتی رہی ہے۔ جون میں صدر ٹرمپ نے شمالی کوریا کے رہنما کو خط لکھا تھا جسے کم جونگ اُن نے بہترین قرار دیا تھا۔ اس سے قبل شمالی کوریا کے رہنما بھی صدر ٹرمپ کو خط لکھ چکے ہیں جسے صدر ٹرمپ نے خوبصورت قرار دیا تھا۔ دوسری جانب شمالی کوریا کے ایک اعلیٰ عہدے دار نے اعلان کیا ہے کہ امریکا کے ساتھ عملی سطح کے مذاکرات آیندہ ہفتوں میں بحال ہونے کا امکان ہے۔ شمالی کوریا کی سرکاری کورین سینٹرل نیوز ایجنسی نے وزارت خارجہ میں شعبہ برائے امریکی امور کے ڈائریکٹر جنرل کا بیان پیر کے روز شائع کیا ہے، جس میں امید کا اظہار کیا گیا ہے کہ چند ہفتوں بعد منعقد ہونے والے عملی سطح کے مذاکرات امریکا اور شمالی کوریا کے درمیان ملاقات کا اچھاموقع ہوں گے۔ اس میں مزید کہا گیا ہے کہ ایٹمی اسلحہ کے خاتمے پر تبادلہ خیال اسی صورت میں ممکن ہے جب ہماری سلامتی کوخطرے میں ڈالنے والی دھمکیاں اور پابندیاں واضح طور پردور ہو جائیں۔