میرپورخاص واقعے کے متاثرین کو انصاف دلایا جائے،کاشف شیخ

112

کراچی(اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکرٹری کاشف سعید شیخ نے میر پورخاص واقعے کے متاثرہ خاندانوں کو انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ میرپورخاص میں معصوم بچے کی لاش کے لیے ورثا کو ایمبولینس نہ دینے اور موٹرسائیکل پر لاش لے کر جانے والے والد اور چچا کی حادثے میں المناک موت نے سندھ حکومت اور وزارت صحت کی کارکردگی کا پردہ چاک کردیا ہے،معصوم بچے کے ورثا سے سرکاری ایمبولینس فراہم کرنے کے عوض 2ہزار طلب کرنا اور نتیجے میں ایک ہی گھر میں 3 لاشیں پہنچنے سے پورا خاندان تباہ ہوگیا لیکن سندھ حکومت ایک ڈاکٹر کو معطل کرکے بری الذمہ نہیں ہوسکتی۔ انہوں نے ایک بیان میں مزید کہا کہ گزشتہ 11 سال سے سندھ میں پیپلزپارٹی کی حکومت ہے لیکن عوام آج بھی صحت، تعلیم اور صاف پانی جیسی بنیادی انسانی ضروریات سے محروم ہیں، بے روزگاری، کرپشن اور بدانتظامی نے عوام کی زندگی اجیرن بناکر رکھ دی ہے، بلاول وفاقی حکومت پر تنقید کرنے کے بجائے کبھی سندھ حکومت کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیں ، پیپلزپارٹی کے کوچیئرمین آصف زرداری کی بہن عذرا پیچوہو صحت کی وزیر ہیں ان کی کارکردی صرف اخباری بیانات تک محدود ہے، سرکاری اسپتالوں کی خستہ حالی، عوام کو الٹراسائونڈ، ایکسرے اور دیگر ضروری ٹیسٹوں کی سہولیات نایاب جبکہ ادویات کے لیے گھنٹوں تک لائنوں میں کھڑا ہوکر ڈاکٹروں اور عملے کی ڈانٹ ڈپٹ، تذلیل اور عزت نفس مجروح کرنا کوئی نئی بات نہیں ہے ، مہنگی ادویات گم کرکے مریضوں کے اہل خانہ کو میڈیکل اسٹوروں سے ادویات خریدنے پر مجبور، سرکاری ڈاکٹر نجی اسپتالوں میں علاج کے لیے آنے پر مجبور کرتے ہیں جبکہ حکمرانوں کو چھینک آجائے تو بھی سرکاری خزانے سے علاج کے لیے بیرون ملک روانہ ہوجاتے ہیں، اسپتالوں میں موت اور زندگی کی کشمکش میں مبتلا افراد کا بہترین علاج کرکے زندگی کی طرف لوٹایا جاتا ہے لیکن سندھ کے اسپتالوں میں صحتمند لوگوں کو بھی موت کی آغوش میں سلایا جاتا ہے۔ وزیراعلیٰ کی جانب سے واقعہ کا نوٹس لے کر کمیٹی بنانے سے 2افراد کی زندگی واپس اور ان کے خاندان کا غم نہیں مٹایا جاسکتا ،اصل نوٹس اسپتالوں کی خستہ حالی ،مریضوں کو رسوا کرنے، علاج کی سہولیات نہ دینے اور تیمارداروں کی تذلیل کرنے کے خلاف لیا جائے ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ مذکورہ واقعے کی ذمے دار میرپورخاص اسپتال کی انتظامیہ ایم ایس کے خلاف کارروائی کی جائے ،متاثرہ خاندانوں کو انصاف فراہم کیا جائے۔