رحمن ملک کا بل گیٹس سے مودی کو ایوارڈ نہ دینے کا مطالبہ

131

اسلام آباد (صباح نیوز) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی داخلہ کے چیئرمین سینیٹر رحمن ملک نے مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس سے بھارتی وزیراعظم مودی کو ایوارڈ دینے کا فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کردیا۔ رحمن ملک نے ٹویٹر پیغام میں کہا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی معصوم انسانوں کا قاتل ہے اس لیے وہ کسی ایوارڈ کا مستحق نہیں۔ بل گیٹس بھارتی وزیراعظم مودی کو ایوارڈ دینے کا فیصلہ واپس لیں۔ انہوں نے کہا کہ کیا بل گیٹس نے واشنگٹن پوسٹ میں مودی مظالم پر بیانات نہیں پڑھے ہیں؟ کیا بل گیٹس نے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن کی کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی پر رپورٹ نہیں پڑھی ہے؟۔ رحمن ملک نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان بل گیٹس کو خط لکھیں کہ مودی کو ایوارڈ دینے کا فیصلہ واپس لیا جائے۔ نریندر مودی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین پامالی کرارہا ہے۔ بھارتی وزیراعظم نے مقبوضہ کشمیر میں 5 اگست سے کرفیو نافذ کیا ہوا ہے۔