مسئلہ کشمیر پورے عالم اسلام کا مسئلہ ہے ،محمد حسین محنتی

526

کراچی(اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی سندھ کے امیر وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ پاکستان کا مستقبل قرآن وسنت سے وابستہ ہے، جماعت اسلامی روزاول سے کشمیر کواپنے ایجنڈے کا حصہ بنائے ہوئے ہے۔کراچی کے تاریخی مارچ کے بعدجماعت اسلامی کے تحت 13اکتوبر کوحیدرآباد میں کشمیرمارچ ہوگا اورسینیٹر سراج الحق قیادت کریں گے، کشمیرکا مسئلہ صرف کشمیریوں کا نہیں بلکہ پاکستان کی بقا وسلامتی اورپورے عالم اسلام کا مسئلہ ہے اس لیے جماعت اسلامی تو صرف اہتمام کرے گی یہ امت کا مارچ ہوگا۔ان خیالات کااظہار انہوں نے مختلف دعوتی عوامی اور تنظیمی اجتماعات سے خطاب کے دوران کیا،صوبائی سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا ودیگر بھی موجود تھے۔محمد حسین محنتی نے مزید کہا کہ آج امت پر نازک وقت آن پڑا ہے فلسطین کشمیر برما سے لے کر افغانستان تک کفرکی قوتیں اوران کے آلہ کارمسلم امہ پر حملہ آور ہیں اس لیے کلمے کی بنیاد پر امت کو متحد کرکے اسلام وملک دشمن قوتوں کے خلاف اٹھا کھڑا کرنا ہوگا۔پاکستان کا قیام بزرگوں کی جدوجہد نوجوانوں کی قربانیوں کا نتیجہ اوراللہ کا خصوصی انعام ہے اس کی نظریاتی وجغرافیائی سرحدوں کی حفاظت بھی ہم پرفرض ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان 72 سال سے مشکل دور سے گزر رہاہے،مگر ایمان کی طاقت ہی اصل طاقت ہے۔جس کے ذریعے کشمیر سمیت ملکی مسائل کو حل کیا جا سکتا ہے۔پاکستان کو حقیقی معنوں میں ایک اسلامی ریاست بنانے کے لیے پوری قوم کو اپنا کردارادا کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اللہ کے ذکروفکر کے بغیر انسان مردہ ہے اس میں زندگی تب آتی ہے جب وہ اللہ کا ذکر وشکر بجا لاتا ہے۔ اللہ کے دین کے مطابق اپنی زندگی گزارکرانسان دنیا وآخرت کی سرخروئی اورچین وسکون کی زندگی گزار سکتا ہے۔