اپوزیشن کو مولانا فضل الرحمن کا ساتھ دینا چاہیے‘ پیر اعجاز ہاشمی

122

لاہور (آن لائن) جمعیت علما پاکستان کے مرکزی صدر اور نائب صدر متحدہ مجلس عمل پیر اعجاز احمد ہاشمی نے کہا ہے کہ حکومت مخالف جماعتوں کا متحد ہونا ضروری ہے‘ متحدہ اپوزیشن کو مولانا فضل الرحمن کاساتھ دینا چاہیے بصورت دیگر اپوزیشن پہلے سے زیادہ کمزور ہوجائے گی‘ حکومت مخالف تحریک سے صرف وہی جماعتیں دور ہو رہی ہیں جن کی اپنی مجبوریاں ہیں‘ جے یو پی کی کوئی مجبوری نہیں‘ ہم جمہوری روایات اور آئین کی حفاظت کریں گے‘ فضل الرحمن کی حکومت مخالف تحریک کی حمایت کرتے ہیں اور سمجھتے ہیں کہ موجودہ حکومت سے نجات ہی پاکستان کی ترقی کی ضمانت ہے‘ جمہوری روایات کو تباہ کیا گیا ہے‘ ملکی معیشت کا جنازہ نکل چکا ہے‘ عام آدمی کو دو وقت کی روٹی کا حصول مشکل ہوگیا اور خدشہ ہے کہ آئندہ آنے والے دنوں میں کہیں خودکشیوں کی شرح میں اضافہ نہ ہو جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے عوام کی زندگیوں سے کھیلنے اور معیشت کی تباہی کے بعد آئین شکنی کی طرف لشکر کشی شروع کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی کو ملک کا سیاسی کلچر تباہ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے‘ یہ ملک سیاستدانوں نے بنایا اور وہی اسے چلانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔