گزشتہ ایک سال عوام ،کاروباری برادری اور ملکی معیشت پر بھاری گزرا

152

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولز فور م وآل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر ،بزنس مین پینل کے سینئر وائس چیئر مین اور سابق صوبائی وزیر میاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ گزشتہ ایک سال عوام، کاروباری برادری اور ملکی معیشت پر بہت بھاری گزرا۔ اس ایک سال کے دوران عوام کو رٹائے گئے ملکی ترقی کے تمام نئے فارمولوں کی ہوا نکل گئی، عوام کی خوش فہمی مایوسی میں بدل گئی اور نت نئے تجربات اور پالیسیوں کے عدم تسلسل اور ایکسپورٹ میں جمود نے معیشت کا بھٹہ بٹھا دیا۔ میاں زاہد حسین نے بز نس کمیونٹی سے گفتگو میں کہا کہ عوام کو بتایا گیا تھا کہ اگر قیادت ایماندار ہو تو اس سے سارا ملکی نظام خود بخود درست ہو جاتا ہے اور ملک برق رفتاری سے ترقی کرنا شروع کر دیتا ہے جو غلط ثابت ہوا۔عوام کو کرپشن کی کہانیاں سنا کر یہ بھی سمجھایا گیا تھا کہ روزانہ اربوں روپے کی کرپشن ہو رہی ہے جو تبدیلی کی صورت میں ختم ہو جائے گی اور پاکستان آئی ایم ایف سمیت کسی کا محتاج نہیں رہے گا جبکہ سیاستدانوں اور بیوروکریسی کے بیرون ملک بینکوں میں رکھے گئے 200 ارب ڈالر وصول کر لیے جائیں گے جس سے تمام قرضے ادا اور ملکی ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو گا جو ایک سراب ثابت ہوا۔انھوں نے کہا کہ ملک خود بخود نہیں چلتے بلکہ انھیں چلانا پڑتا ہے جس کے لیے تدبر کی ضرورت ہوتی ہے۔