پردہ عورتوں کے تحفظ اور پاکیزہ زندگی کی بنیاد ہے،مریم جمیلہ

201

رحیم یار خان (وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی حلقہ خواتین کی ضلعی ناظمہ مریم جمیلہ نے عالمی یوم حجاب کے سلسلے میں ’’عشرہ حجاب ‘‘کے بارے میں دفتر جماعت اسلامی میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پردہ عورتوں کے تحفظ کا ضامن اور پاکیزہ زندگی کی بنیاد ہے ۔پردہ اللہ کا حکم اور پاکیزہ معاشرے کی علامت ہے ۔جماعت اسلامی حلقہ خواتین ’’عالمی یوم حجاب ‘‘کے موقع پر عشرہ حجاب بھرپور انداز میں منارہی ہے ۔خواتین اور لڑکیوں میں حجاب اور پردے کی آگاہی کیلیے جماعت اسلامی حلقہ خواتین 4 تا 14ستمبر’’عشرہ حجاب ‘‘کے طور پر منا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آج کی تمام معاشرتی برائیوں اور خلفشار کی وجوہات قرآن و سنت کے احکامات سے روگردانی ہے ۔ انفرادی ،اجتماعی اور معاشرتی تمام برائیوں کا خاتمہ قرآن و سنت کے احکامات پر عمل سے ممکن ہے ۔پردہ عورت کی عزت و احترام میں اضافہ کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شرم و حیا عورت کا سب سے قیمتی زیور ہے ۔انہوں نے ’’عالمی یوم حجاب ‘‘کے سلسلے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حجاب اور پردہ کپڑے کا ایک ٹکڑا نہیں بلکہ اسلامی طرز زندگی کی پہچان اور اللہ کی فرما نبراداری کی علامت ہے ۔پردہ عورتوں کے تحفظ کا ضامن اور پاکیزہ زندگی کی بنیاد ہے ۔ انہوں نے جماعت اسلامی حلقہ خواتین کی جانب سے 4 تا 14ستمبر’’عشرہ حجاب ‘‘ بارے بتاتے ہوئے کہا کہ اس دوران اسکول و کالج گھریلو اور ملازم پیشہ خواتین میں حجاب و پردے کی اہمیت اور قرآن و سنت کی تعلیمات کے مطابق خواتین کو طرز زندگی اپنانے کی ترغیب دی جارہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی خواتین مہم کے دوران حجاب سیمینار ،تقریری مقابلے نو عمر لڑکیوں اور پردہ ناکرنے والی خواتین میں حجاب اور برقعے استعمال کرنے کی ترغیب دی گئی ہے ۔اس موقع پر ضلعی نائب ناظمہ عائشہ شعیب ،ناظمہ نشرواشاعت آصفہ جمیل اور سٹی ناظمہ عطیہ رضوان نے بھی اظہار خیا ل کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی خواتین عورتوں میں اسلامی تعلیمات اجاگر کرنے میں پیش پیش ہے اور ’’عالمی یوم حجاب ‘‘کو بھرپو انداز میں منانے کا مقصد بھی یہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہر سال ’’عالمی یوم حجاب ‘‘کے موقع پر حجاب کی اہمیت پر پروگرامات کیے جاتے ہیں اور الحمداللہ ہر سال سیکڑوں کی تعداد میں خواتین حجاب مہم کے دوران پوری زندگی کیلیے پردے کا اہتمام کرلیتی ہیں ۔جماعت اسلامی خواتین کی حجاب مہم اس سال بھی بھرپورا نداز میں منانے کی تیاریوں کا آغاز ہو چکا ہے اور تمام ترتیب دیے گئے پروگرامات منظم میں شیڈویل کے مطابق جاری ہیں ۔