وزیراعظم عمران خان کا روسی ٹی وی کو انٹرویو

656

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ افغانستان میں امریکا کے کامیاب نہ ہونے کا الزام پاکستان پر لگانا غیر منصافانہ ہے۔

روسی ٹی وی کو انٹرویو میں عمران خان نے کہا کہ اگر ہم نائن الیون کے بعد امریکا کی جنگ نہ لڑتے تو ہم دنیا کا خطرناک ملک نہ ہوتے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سوویت یونین کے خلاف جنگ میں انہی لوگوں کو تربیت دی گئی، جس کا فنڈ سی آئی اے نے دیا تھا، یہ تربیت یافتہ لوگ تھے اور ایک عشرے بعد جب امریکا وہاں گيا تو کہا گيا کہ یہ جہاد نہیں یہ دہشت گردی ہے یہ بہت بڑا تضاد تھا جسے انہوں نے محسوس کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اس جنگ میں غیر جانبدار رہنا چاہیے تھا، امریکا کا اتحادی بننے سے یہ گروپس ہمارے خلاف ہوگئے اور 70 ہزار پاکستانیوں کی جانیں گئيں۔

وزیراعظم نے کہا کہ وہ شروع سے ہی اس جنگ کے خلاف تھے، اس جنگ سے معیشت کو 100 ارب ڈالرز سے زیادہ کا نقصان پہنچا۔

وزیراعظم نے کہا کہ اب آخر میں افغانستان میں امریکا کے کامیاب نہ ہونے کا الزام ہم پر لگا دیا گيا جو کہ یہ غیر منصافانہ ہے۔