جمعیت طلبہ عربیہ قافلہ حسینی کی ایک زندہ  مثال ہے

733

 

سراج الحق
(امیر جماعت اسلامی پاکستان)

جمعیت طلبہ عربیہ کا یوم تاسیس مبارک ہو۔ آپ کے قافلے کا42سالہ سفر جہد مسلسل کی لازوال داستان ہے ۔ آپ جس مشن کو لے کر میدان کارزار میں سرگرم عمل ہیں وہ امت کے اتحاد کا علم بردار اور وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اس وقت امت مسلمہ متعدد تعصبات کی بنیاد پر منتشر ہے ۔ ان میں سب سے خطرناک اور افسوس ناک مذہبی فرقہ وارانہ تعصب ہے ۔ جس نے مسلمانوں کو ٹکڑے ٹکڑے کردیا ہے اور آئے دن تصادم ہوتے رہتے ہیں۔ کہیں مسجدوں پہ تالے ہیں تو کہیں مدرسوں میں جھگڑے ۔ امت مسلمہ کے سنجیدہ اور مخلص افراد اور تنظیمیں دل گرفتہ ہیں ، ایسے میں آپ کی صورت قافلہ حسینی کی ایک زندہ مثال وقت کے طاغوت کے لیے ’’بنیان مرصوص‘‘ ہے ۔
جمعیت طلبہ عربیہ وہ واحد تنظیم ہے جو مختلف مسالک کے مدرسوں کے طلبہ کو اس فرقہ وارانہ تعصب سے بالائے طاق رکھ کر باہم جوڑتی ہے ۔ جمعیت کے وجود سے مدرسوں کی فضا خوشگوار ہوئی ہے اور دھیرے دھیرے الگ الگ مسلکوں کی شناخت والی مسجد کا ماحول بھی سازگار ہوتا جارہا ہے ۔ جمعیت طلبہ عربیہ کے یوم تاسیس پر میری دعا ہے کہ امن اور بھائی چارے کے آپ کے مشن کو اللہ تعالیٰ کامیاب وکامران رکھے اور وہ ہم سب کا حامی وناصر ہو ۔ آمین۔