خون کے آخری قطرے تک کشمیروں کی حمایت جاری رکھیں گے، جاوید قصوری

209

 

لاہور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب و صدر ملی یکجہتی کونسل صوبہ وسطی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ خون کے آخری قطرے تک کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور کسی بھی قیمت پر انہیں تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ پوری قوم اس معاملے پر یک زبان ہے اور وہ چاہتی ہے کہ حکومت بھارت کے گھنائونے چہرے کو بے نقاب کرنے کے لیے بھر پور انداز میں سفار ت کاری کرے ۔ محض احتجاج کافی نہیں، مسلم برادر ممالک سمیت عالمی برادری کی توجہ اس جانب مبذول کروانے کی ضرورت ہے۔ دو ایٹمی قوتیں مسئلہ کشمیر پر آمنے سامنے کھڑی ہیں۔ بھارت نے خطے کو ایٹمی جنگ کے دہانے پر پہنچا دیا ہے۔ جماعت اسلامی اپنے مظلوم کشمیری بہن بھائیوں کی بھارتی تسلط سے مکمل آزادی تک ان کی اخلاقی او ر سیاسی حمایت جاری رکھے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز منصورہ میں مختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے اپنی آخری چال چل دی ہے، اب اس کے پاس کچھ نہیں۔ 27 دنوں سے جاری کرفیو نے پوری وادی کو قبرستان میں بدل کر رکھ دیا ہے۔ لوگوں کو خوراک، پانی اور ادویات کی اشد ضرورت ہے۔ اقوام متحدہ اور عالمی برادری کی بے حسی کسی بڑے انسانی المیے کو جنم دے سکتی ہے۔ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں مظالم کی انتہا کردی ہے۔ اذیت ناک تشدد کے باعث مسخ شدہ لاشیں اور اجتماعی قبریںمل رہی ہیں۔ خواتین کی بے حرمتی اور بے گناہ افراد بشمول بچوں کو گرفتار کرکے بھارت کی مختلف جیلوں میں منتقل کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی کی اسلام دشمنی بے نقاب ہوچکی ہے۔ گجرات فسادات میں ہزاروں مسلمانوں کو شہید کرنے والا درندہ اب آسام میں لاکھوں مسلمانوں کی بھارتی شہریت کو ختم کرکے ان کو ملک بدر کرنا چاہتا ہے۔ محمد جاوید قصوری نے مزید کہا کہ آزادی کشمیر ی عوام کا مقدر ہے۔ بھارت نے اپنے تابوت میں آخری کیل ٹھونک دی ہے۔ حکومت اور عسکری قیادت بھارت کے سامنے کمزوری دکھانے کے بجائے پوری قوت سے جواب دے۔ جماعت اسلامی اور ملک کے 22 کروڑ عوام ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے کشمیر کی آزادی کا نادر موقع دیا ہے، اس کو ضائع نہیں کرنا چاہیے۔