کوئٹہ ، محرم الحرام کے دوران سیکورٹی کے فل پروف انتظامات

198

کوئٹہ (اے پی پی) ڈی آئی جی پولیس سبی رینج کیپٹن (ر) پرویز احمد چانڈیو نے کہا کہ سبی میں محرم الحرام کے دوران سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں، شہر کے تمام داخلی و خارجی راستوں پر سخت چیکنگ کی جارہی ہے، امن و امان کو قائم رکھنے کے لیے بی ایریا میں لیویز کے جوان جبکہ اے ایریا میں پولیس جوانوں کے علاوہ ایف سی اور بی سی فورس کے جوان اپنے فرائض سرانجام دیں گے۔ جلوس کی گزر گاہوں کو مکمل طور پر سیل کیا جائے گا، کسی کو بھی کارڈ پاس کے بغیر جلوس میں جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ سیکورٹی کے حوالے سے کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ امن کمیٹی، انجمن تاجران اور علما کرام بھائی چارے کی فضا برقرار رکھتے ہوئے ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کریں۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے سبی میں محرم الحرام کے سلسلے میں امن کمیٹی، انجمن تاجران اور علما کرام کے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ایس ایس پی سبی سید علی آصف، 144 ونگ کے ونگ کمانڈر کرنل ضیاء، اے ایس پی دوست محمد بگٹی، زونل کمانڈنٹ بی سی محمود احمد نوتیزئی، ایس پی ڈیرہ بگٹی عبدالروف بڑیچ، آر او سی ٹی ڈی محمد قاسم سیلاچی، ڈی ایس پی اسپیشل برانچ پیر بخش سیلاچی، اے ڈی آئی جی سبی شاہد کمال سیلاچی، سابق چیئرمین میونسپل کمیٹی سبی حاجی محمد دائود رند، انجمن تاجران کے صدر حاجی طارق بنگلزئی سمیت امن کمیٹی کے ممبران اور علما کرام شریک تھے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی آئی جی پولیس سبی رینج کیپٹن (ر) پرویز احمد چانڈیو نے کہا کہ محرم الحرام کا مہینہ مسلمانوں کو ایثار کا درس دیتا ہے، اس ماہ میں نواسہ رسولؐ کی وہ عظیم قربانی ہے جس نے اسلام کی رگوں میں نیا خون اور حرارت پیدا کی، ایک عظیم مقصد کے لیے شہدائے کربلا نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر اسلام کی حرمت وتقدس کی حفاظت کی۔ محرم الحرام کے دوران سیکورٹی کا پلان تشکیل دے کر سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔ اس سلسلے میں شہر کے تمام داخلی و خارجی راستوں پر ہر آنے جانے والی گاڑیوں اور لوگوں کی سخت چیکنگ کی جا رہی ہے جبکہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے مشکوک افراد پر سخت نظر رکھے ہوئے ہیں۔