مودی نے 90لاکھ کشمیریوں کو قید کر رکھا ہے، دنیا نوٹس لے، اسد مجید

218

واشنگٹن(صباح نیوز)امریکا میں پاکستانی سفیر اسد مجید نے کہا ہے کہ مودی سرکار نے90لاکھ کشمیریوں کو قید کر رکھا ہے،دنیا نوٹس لے،بھارتی اقدامات امن اورسیکورٹی کے لیے بڑاخطرہ ہیں، انسانی بحران تشویش ناک ہے۔اسد مجید نے واشنگٹن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صدر ٹرمپ نے کشمیر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا،3بار مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے کردار ادا کرنے کی خواہش ظاہر کی،مسئلہ کشمیر پر سیکورٹی کونسل میں گئے اور دنیا کی توجہ اس جانب مبذول کرائی، امریکی ہائوس انٹیلی کمیٹی کے چیئرمین سمیت تمام لوگ بھی تشویش کا اظہار کر رہے ہیں،سب سے زیادہ تشویش کشمیر میں انسانی بحران پر ہے۔ا نہوں نے کہا کہ بھارتی رویے سے پیدا شدہ حالات خطے کے امن اورسیکورٹی کے لیے بڑا خطرہ ہیں، بھارت نے کشمیر میں جو رویہ روا رکھا ہے اسے دنیا دیکھ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ عالمی اداروں اور تنظیموں کے مبصر مقبوضہ وادی کا دورہ کریں اور بھارت کو اقدام واپس لینے پر مجبور کیا جائے۔