بھارت نہیں پاکستان دہشت گردی کیخلاف لڑرہا ہے،امریکی صدر

192

واشنگٹن(آن لائن) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ بھارت نہیںپاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہا ہے۔ان کے بقول پاکستان فرنٹ لائن اسٹیٹ ہے۔ ٹرمپ نے زور دے کر کہا کہ شدت پسندی اور انتہا پسندی کے خلاف جنگ کی ذمے داریاں دیگر ممالک بھی اٹھائیں۔ غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق امریکی صدر نے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ روس، ایران، عراق اور ترکی کسی نہ کسی حد تک یہ جنگ ضرور لڑ رہے ہیں۔ ٹرمپ کا کہنا تھاکہ امریکا افغانستان سے نکلنے کے لیے مذاکرات کررہا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ریکارڈ مدت میں امریکا نے داعش کی خلافت کا خاتمہ کیا اور اس ضمن میں انتہائی مؤثر کارروائیاں کیں۔ٹرمپ نے جرمنی اور فرانس سمیت دیگر مغربی ممالک پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ وہ داعش کے گرفتار جنگجوؤں کو واپس نہیں لے رہے ہیں جو غلط ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مغربی ممالک کو چاہیے کہ اپنے شہریوں کو واپس لیں۔انہوں نے واضح طور پر خبردار کیا کہ اگر جرمنی اور فرانس سمیت دیگر مغربی ممالک نے اپنے شہریوں کو واپس نہ لیا تو امریکا داعش سے تعلق رکھنے والے گرفتار جنگجوؤں کو رہا کرکے ان کے آبائی ممالک میں بھیج دے گا۔