پی ٹی آئی اور متحدہ کچرے پر صرف پوائنٹ اسکورننگ کر رہی ہیں، سعید غنی

322

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر اطلاعات و محنت سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف اور ایم کیو ایم کراچی کے کچرے پر صرف سیاسی پوائنٹ اسکورننگ کر رہی ہیں اور شہریوں کو سازش کے تحت عذاب میں مبتلا کررہی ہیں تاکہ سندھ میں پیپلز پارٹی کے امیج کو نقصان پہنچایا جاسکے۔ لگتا ہے کہ میئر کراچی پی ٹی آئی کے ایجنڈے پر ہیں اور ایم کیو ایم، پی ٹی آئی کی بی ٹیم بنی ہوئی ہے۔ بدھ کے روز جامعہ کراچیمیںمیڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ کراچی میں کچرے کو ہم سب کو مل جل کر صاف کرنا چاہیے، کچرے کے ساتھ سندھ حکومت کا براہ راست قانون کے مطابق تعلق نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ نے 183 ڈمپر اٹھائے جو اسکا کام نہیں تھا مگر دو لفظ کسی نے نہیں کہے، لگتا ہے میئر کراچی پی ٹی آئی سے مل گئے ہیں،صفائی مہم ٹویٹر پر جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ اسمبلی قوانین بنالیتی ہیں مگر اس پر عمل نہیں کیا جاتا، کچرا اٹھانا ڈی ایم سی کا کام ہے، بڑے نالے کی صفائی کے ایم سی اور چھوٹے کی صفائی ڈی ایم سی کا کام ہے۔سعید غنی نے بتایا کہ جب یہ ادارے ٹھیک کام نہ کرسکے تو کچھ وقت پہلے ہم نے سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ بنایا، چار ڈی ایم سی میں غربی بہتر کام نہیں کررہا تھا، شہر کے کچھ اضلاع میں ڈی ایم سی کام کررہا ہے اور وہ بہتر ہے۔ سعید غنی نے میں کئی عرصے سے کہہ رہا ہوں کہ سیوریج لائنوں اور گٹروں میں بوریاں ڈال کر انہیں بند کیا جارہا ہے اور آج خود علی زیدی نے اس بات کا اعتراف کرتے ہوئے خود ایک ٹویٹر پر پوسٹ کی کہ سیوریج کی لائنوں میں بوریاں ڈالی گئی ہیں۔ سعید غنی نے مزید کہا کہ میئر کہتے ہیں کہ صوبائی حکومت کو ٹیکس نہ دیں حالانکہ اس سال سندھ حکومت کراچی میں مختلف ترقیاتی کاموں پر 125 ارب روپے خرچ کرنے جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ علی زیدی کی کلین کراچی مہم اصل میں کراچی کو گندہ کرنے کی مہم ہے جس کے باعث کراچی کے مختلف ڈسٹرکٹ کی صورتحال بہت حد تک خراب ہوئی ہے۔ میں مطالبہ کرتا ہوں کہ اگر وہ لینڈ فل سائیڈ پر نہیں پھینک سکتے تو وہ اس مہم کو بند کردیں۔