پنجاب اسمبلی‘ مقبوضہ کشمیر کی حیثیت ختم کرنے کیخلاف متفقہ قرارداد منظور

207

لاہور(نمائندہ جسارت )اپوزیشن کی ریکوزیشن پر بلایا جانے والاپنجاب اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی اسپیکر سردار دوست محمد مزاری کی زیر صدارت شروع ہوا۔اجلاس میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر قرارداد پیش کی گئی،قرارداد صوبائی وزیر قانون راجا بشارت نے پیش کی۔ قرارداد متفقہ طورپر منظور کر لی گئی۔وزیر قانون پنجاب نے بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی حیثیت ختم کرنے کے خلاف قرارداد پیش کی۔قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ بھارت کی مقبوضہ کشمیر کی حیثیت ختم کرنے کی مذمت کرتے ہیں،ہم آرٹیکل 370اور 35اے کو ختم کرنے کے اقدام کو مسترد کرتے ہیں، بھارتی اقدام سے خطے اور عالمی امن کو شدید خطرات سے دوچار ہو چکے ہیں، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور کرفیوانسانی المیہ کی شکل اختیار کرچکے ہیں، عالمی برادری مقبوضہ کشمیر پر نوٹس لے ، وفاقی حکومت اقوام متحدہ سے اپیل کرتی ہے کہ انسانی حقوق کمیشن کشمیر میں بھیجا جائے،عالمی میڈیا کو مقبوضہ کشمیر میں جانے کی اجازت دی جائے تاکہ بھارتی اصل چہرہ دنیا کے سامنے آئے، سلامتی کونسل کااجلاس پاکستان کی بڑی سفارتی کامیابی ہے جو بھارت کہتا رہاکہ کشمیر ان کا اندرونی مسئلہ ہے، بھارت سے سفارتی تعلقات محدود، تجارتی تعلقات منقطع اور15 اگست کو یوم سیاہ کشمیریوں کی حمایت کے لیے کیے گئے، کشمیر پر حمایت پر پاکستان چین سمیت دوست ممالک کی حمایت کا شکرگزار ہے، کشمیر ایشو پر سیاسی جماعتیں مسلح افواج، سول و عسکری طاقتیں ایک پیج پر ہیں، پاکستان کشمیریوں کی سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا اور ہم شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔