کراچی بارش کو 10 روز گزرگئے اسپتالوں کے سامنے سیوریج کا پانی مریضوں کیلئے عذاب بن گیا

549
کراچی: این آئی سی وی ڈی کے مرکزی دروازے پر 10 روز سے سیوریج کا پانی کھڑا ہے، جس سے مریضوں کو مشکلات کا سامنا ہے
کراچی: این آئی سی وی ڈی کے مرکزی دروازے پر 10 روز سے سیوریج کا پانی کھڑا ہے، جس سے مریضوں کو مشکلات کا سامنا ہے

کراچی (اسٹا ف رپورٹر) کراچی کے بڑے سرکاری اسپتالوں کے مرکزی داخلی راستوں پر گزشتہ ایک ہفتے سے سیوریج کا پانی جمع ہے جس کی وجہ سے اسپتال آنے والے مریضوں، ڈاکٹروں اور تیمارداروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، انتظامیہ کی نااہلی کے باعث قومی ادارہ برائے امراض قلب، جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر اور قومی ادارہ برائے امراض اطفال کی مرکزی سڑک، سندھ میڈیکل کالج، سول اسپتال، سوبھراج میٹرنٹی ہوم، عباسی شہید اسپتال، برنس سینٹر اور دیگر اسپتالوں کے باہر کی سڑکیں بھی گزشتہ دنوں ہونے والی بارش اور سیوریج کے پانی میں تاحال ڈوبی ہوئی ہیں۔ جناح اسپتال اور قومی ادارہ برائے امراض قلب (این آئی سی وی ڈی) کے مرکزی داخلی راستوں پر سیوریج کا پانی کھڑا ہے اور سڑک انتہائی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے، سیوریج کے پانی میں ڈوبے گڑھے نظر نہ آنے کے باعث روزانہ حادثات کا بھی سبب بن رہے ہیںِ، شہر کے مرکزی اور مصروف ترین اسپتالوں کے اطراف سے کنٹونمنٹ بورڈ انتظامیہ کی جانب سے سیوریج کے پانی کو صاف نہیں کیا جا رہا ہے، جس کے باعث ایمبولینسز کو مریضوں کو اسپتال پہنچانے میں شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ اسی طرح سول اسپتال کے باہر بھی گٹر کا پانی جمع ہے، اسپتال میں داخل مریضوں کے کے تیماردار بارہ رات بسر کرتے ہیں، جنہیں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ذہنی مریضوں کے وارڈ، آئی وارڈ، شعبہ حادثات، متعدد او پی ڈیز اور سی ٹی اسکین ڈپارٹمنٹ کے سامنے بھی پانی جمع ہے۔ گندا پانی جمع ہوجانے کہ وجہ سے اسپتال کے اطراف کی سڑکیں بھی خراب ہو رہی ہیں جس کے باعث ٹریفک شدید جام رہتا ہے اور ایمبولینس کو بھی اسپتال پہنچنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس غیر صحت مندانہ ماحول میں اسپتال کے ساتھ ہی کھانے پینے کی اشیا بھی فروخت کی جارہی ہیں۔ جس سے مختلف بیماریاں پھیلنے کا بھی خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔ واضح رہے کے جناح اسپتال جانے والی شاہراہ انتہائی اہمیت کے حامل ہے اس شاہراہ پر، قومی ادارہ برائے امراض قلب، قومی ادارہ برائے امراض اطفال، کڈنی سینٹر اور سند ھ میڈیکل کالج بھی واقع ہے۔ ہر بارش کے دوران ریجنٹ پلازہ تا جناح اسپتال جانے والی سڑک پر گٹر ابل پڑ تے ہیں، جنہیں انتظامیہ کی جانب سے کئی کئی روز تک صاف نہیں کیا جاتا ہے اورکوئی متبادل راستہ نہ ہونے کے باعث طلبا اور اسپتال جانے والوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔