بھارت جمہوری ملک ہونے کی ساکھ کھو چکا‘ امرتا سین

172

نئی دہلی (اے پی پی) بھارت کے نوبل انعام یافتہ ماہر اقتصادیات اور فلاسفرڈاکٹر امرتا سین نے جموںوکشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بھارتی اقدام پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں بھارتی شہری ہونے پر کوئی فخر نہیں کیونکہ کشمیر کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدام سے بھارت ایک جمہوری ملک ہونے کی ساکھ کھو چکا ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے میڈیا انٹرویودیتے ہوئے کیا۔ان کا کہنا تھا کہ جمہوری عمل اختیارکیے بغیر مسئلہ کشمیرکا کوئی حل نہیںنکل سکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت کے لوگوں کو جموںوکشمیر میں زمین خریدنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کشمیری عوام پر چھوڑ دینا چاہیے تھا۔ اس مسئلے پر کشمیریوں کانکتہ نظر جائز ہے کیونکہ یہ ان کی سرزمین ہے۔ انہوں نے کشمیری سیاسی قیادت کو گرفتارکرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ لوگوں کے رہنمائوں کی بات سنے بغیر آپ انصاف نہیں کرسکتے۔ اگر آپ ہزاروں رہنمائوں کو جیلوں میں ڈالیں گے تو آپ جمہوریت کی خلاف ورزی کررہے ہیں۔