پاکستان اسٹاک میں تیزی :71فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میںاضافہ

165

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کا تسلسل دوسرے روز بھی برقرار رہا اور کے ایس ای100انڈیکس 30ہزار کی نفسیاتی حد بحال کرتے ہوئے مزید856.80پوائنٹس کے اضافے سے30419.22پوائنٹس کی سطح پرپہنچ گیا جب کہ71.84فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میںاضافہ ریکارڈکیا گیا جس کے باعث مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت میں ایک کھرب 25ارب 30 کروڑ 66 لاکھ روپے بڑھ گئے اور کاروباری حجم بھی 39.08فیصد زائد رہا ۔ پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں منگل کو کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہوا اور ٹریڈنگ کے آغاز سے ہی سرمایہ کاروں نے منافع بخش کمپنیوں کی نچلی سطح پر آئی قیمتوں پر خریداری کی جس کے نتیجے میں تیزی کا رجحان دیکھنے میں آیا اور ٹریڈنگ کے دوران کے ایس ای100انڈیکس 30ہزار کی نفسیاتی حد کو عبور کرتے ہوئے 30499پوائنٹس کی بلند سطح پر پہنچ گیا بعد ازاں منافع کے حصول کی عرض سے حصص فروخت بڑھنے سے مزکورہ سطح برقرار نہ رہ سکی لیکن تیزی کا رجحان غالب رہا اورمارکیٹ کے اختتام پرکے ایس ای100انڈیکس 856.80پوائنٹس کے اضافے سے30419.22پوائنٹس بندہوا۔اسی طرح کے ایس ای30انڈیکس494.74پوائنٹس اضافے سے14347.63پوائنٹس،کے ایم آئی30انڈیکس1317.02پوائنٹس اضافے سے 47695.29پوائنٹس جبکہ کے ایس ای آل شیئر انڈیکس466.35پوائنٹس اضافے سے 22273.17 پوائنٹس پربندہوا ۔گزشتہ روزمجموعی طورپر373کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہواجن میں سے268کمپنیوں کے حصص کے بھاؤمیں اضافہ،86کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں کمی جبکہ19کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں استحکام رہا۔سرمایہ کاری مالیت میں ایک کھرب 25ارب 30کروڑ66لاکھ روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔