استنبول میں آیندہ کسی تباہ کن زلزلے میں لاکھوں ہلاکتوں کا خدشہ ہے‘ ماہرین

130

استنبول (انٹرنیشنل ڈیسک) ارضیاتی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ ترکی کے ڈیڑھ کروڑ آبادی والے شہر استنبول میں تباہ کن زلزلے کا خطرہ مسلسل بڑھتا جا رہا ہے۔ ماہرین کے مطابق آبنائے باسفورس پر واقع شہر کو کسی بھی وقت شدید اور ہلاکت خیز زلزلے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ماہرین کو تشویش ہے کہ شہر کے باشندے طاقت ور زمینی جھٹکوں کے لیے قطعی طور پر تیار نہیں، جب کہ شہر کی انتظامیہ کی جانب سے قدرتی آفت سے نمٹنے کے لیے انتظامات بھی کافی نہیں۔ واضح رہے کہ چند روز قبل ہی ترکی میں 18 ہزار سے زائد انسانوں کی ہلاکت کی بیسویں برسی منائی تھی۔ 17 اگست 1999ء کو استنبول کے مشرق میں آنے والے زلزلے کی شدت 7.4 ریکارڈ کی گئی تھی۔