وزیراعظم کے چیئرمین پی سی بی کو ہٹانے کے اختیارات ختم، کرکٹ بورڈ کا نیا آئین جاری

295

وفاقی حکومت نے پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی)کے نئے آئین کا نوٹی فکیشن جاری کردیا جس کے تحت وزیراعظم کے چیئرمین پی سی بی کو ہٹانے کے اختیارات ختم ہوگئے ہیں۔

وفاقی کابینہ نے پی سی بی کے نئے آئین کی منظوری رواں ماہ دی تھی، جس کا اب نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔ نئے آئین کے تحت چیئرمین پی سی بی کو ہٹانے کے حوالے سے وزیر اعظم پاکستان کے اختیارات ختم ہو گئے، پی سی بی کے 2014 کے آئین میں وزیر اعظم کے پاس بطور پیٹرن یہ اختیارات موجود تھے۔

نئے آئین کے متن میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم کرکٹ بورڈ کو پالیسی گائیڈ لائن دے سکیں گے، چیئرمین کی برطرفی اور گورننگ بورڈ کو تحلیل کرنے کا پارٹ 7مبینہ طور پر آئین سے نکال دیا گیا ہے۔نئے آئین میں پی سی بی کے چیئرمین کو مزید با اختیاربنایا گیا ہے، چیئرمین پی سی بی نئے آئین کے تحت بورڈ آف گورنرز کو جوابدہ ہوں گے۔

واضح رہے کہ ماضی میں نجم سیٹھی، ذکاء اشرف کو چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کے عہدے سے وزیر اعظم کی ہدایت پر ہٹایا جا چکا ہے۔