پی ٹی آئی نے ٹیکس لگانے اور ڈالر کی قدر بڑھانے کے سوا کچھ نہیں کیا،وزیراعلیٰ سندھ

257

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ وفاق میں پی ٹی آئی حکومت کی ایک سال کی کارکردگی مایوس کن ہے اسے بطور گورننس شمار نہیں کیا جاسکتا اور یہ 12 مہینے لوگوں کو زیر کرنے کے طور پر دیکھے جارہے ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار اتوار کے روز ’سرسبز سندھ مہم‘کے حوالے سے فریئر ہال کے باغ میں نیم کا پودہ لگا کر شجرکاری مہم کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ پروگرام کا اہتمام صوبائی محکمہ جنگلات نے کیا تھا جس میں صوبائی کابینہ کے تمام اراکین سمیت سینئر سرکاری افسران کی بڑی تعداد نے شرکت کی، وزیر جنگلات ناصر حسین شاہ، پی پی سندھ کے صدر نثار کھوڑو، سعید غنی، سید سردار شاہ، اسماعیل راہو، مرتضیٰ بلوچ، فراز ڈیرو، مشیر مرتضیٰ وہاب، اعجاز شاہ شیرازی، قاسم نوید ودیگر نے بھی پودے لگائے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ دنیا میں حکومت کی کارکردگی کا
اندازہ اس کی پبلک ویلفیئر پالیسی سے لگایا جاتا ہے لیکن پی ٹی آئی کی حکومت نے بہت بڑا ٹیکس وصولی کا ہدف مقرر کیا ہے اور اس کے حصول کے لیے بھاری بھرکم ٹیکسز نافذکیے ہیں جس کا نتیجہ یہ نکلا ہے کہ سرمایہ کاروں نے اپنا سرمایہ نکالنا شروع کردیا ہے ، اس کی وجہ سے بے روزگاری میں اضافہ ہوا، لوگوں کو روزی روٹی کے لالے پڑے ہوئے ہیں۔ اسٹاک ایکس چینج انڈیکس42000 پوائنٹس سے کم ہو کر 28000 پوائنٹس پر آگئی ہے۔ ڈالر بلند ترین زرمبادلہ کی شرح پر ہے اور پیٹرول کی قیمتیں بھی بڑھائی گئیںا ن وجوہات سے سبزیاں، آٹا، گھی، گوشت اور اشیا خورونوش کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ ہوچکا ہے اور یہ سب پی ٹی آئی حکومت کی وفاق میں ایک سال میں حاصل ہونے والی ناکامیاں ہیں۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ وفاقی حکومت اپنی آئینی ذمے داری کو پورا نہیں کر سکی۔ وزیراعلیٰ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ وزراء کو قلمدان پارٹی قیادت سے مشاورت کے بعد تفویض کیے جاتے ہیں،کسی قسم کا ردوبدل نہیں ہو رہا ہے ، ضرورت ہوگی تو پارٹی چیئرمین کی رہنمائی کے تحت کیا جائے گا۔ سید سردار شاہ نے بطور صوبائی وزیر تعلیم بہت اچھا کام کیا اب محکمہ ثقافت میں بھی اچھا کام کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کئی عناصر انہیں نا اہل قرار کروانا چاہتے ہیں جس میں انہیں کامیابی نہیں ہوگی۔وزیراعلیٰ سندھ نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ اپنے اضلاع میں شجرکاری مہم کا بھرپور طریقے سے آغاز کریں، پودے لگاکران کی حفاظت بھی ہماری ذمے داری ہے، ہر شہری سے اپیل کرتا ہوں کے اپنے حصے کا درخت لگا ئیں، نیم کے علاوہ پھلوں اورمیواجات کے درخت بھی لگائے جائیں تاکہ پرندوں کی افزائش میں اضافہ ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ پودے لگانے کے ہدف کو30لاکھ سے بڑھاکر 40لاکھ کردیا ہے،پلاسٹک بیگ کے متبادل کپڑے کے بیگ متعارف کرانے کہ خواہاں ، 4 اضلاع میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کام کررہا ہے میں مکمل مطمئن نہیں ہوں۔ سالڈ ویسٹ کی سائٹ کا تعین کیا گیا اور وہ اس سے انرجی پیدا کرنے کے لیے کام کررہے ہیں۔ پی ٹی آئی یا کوئی اور جو بھی کام کرے گا ہم اسے خوش آمدید کہیں گے، نالوں کی صفائی کا کام کے ایم سی کا ہے سندھ حکومت نے اسے 550 ملین روپے بھی دیے تھے۔ آصف زرداری 10 سال پہلے جیل میں رہے کچھ ثابت نہیں ہوا ،فریال تالپور کو عید کی رات اسپتال سے جیل منتقل کیاگیا ،کسی مہذب معاشرے میں ایسا نہیں ہوتا ،ہم نے ضیاکے دور میں سختیاں جھیلیں ۔وفاقی حکومت سی سی آئی کا اجلاس بھی نہیں بلاتی، این ای سی کی میٹنگ سے وزیر اعظم اٹھ کر چلے گئے، پی ٹی آئی والوں نے اسپتالوں پر سیاست کی اب دیکھیں کیا حال ہوا ہے، سندھ کے حقوق پر بات ضرور کروں گا سندھ کے لوگوں کو اکیلا نہیں چھوڑا جائے گا ہم انکے ساتھ ہونگے سمندر میں صفائی کا معاملہ ان وفاقی وزیر سے پوچھا جائے۔