وزیراعظم آزاد کشمیر کی امریکی کانگریس کے اراکین سے ملاقات

193

ڈیلاس ٹیکساس(وائس آف ایشیا)وزیر اعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر راجا محمد فاروق حیدر خان کی امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ڈیلاس میں امریکی کانگریس کی خارجہ امور کمیٹی کے اراکین رون رائیٹس،اینجی چن اور عامر علی روپانی سے ملاقات، وزیر اعظم آزا دکشمیر نے اراکین کو مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال پر بریفنگ دی۔ اس موقع پر وزیر حکومت احمد رضا قادری ودیگر بھی موجودتھے۔وزیر اعظم آزاد کشمیر راجا محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ مقبوضہ وادی میں اس وقت بدترین لاک ڈاون ہے تمام رابطے منقطع ہیں،ہندوستانی فوجیوں کو کالے قوانین کے تحت کشمیریوں کے قتل عام کی کھلی چھٹی ملی ہوئی ہے،ہندوستانی فوج لائن آف کنٹرول پر معصوم کشمیریوں کو نشانہ بنا رہی ہے،انہوں نے کہا کہ کشمیر سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر موجود ہے اسکا حل ناگزیر ہے۔امریکاخطے کو جنگ کے خطرات سے بچانے اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کو حق خود ارادیت دلوانے میں اپنا کردار ادا کرے۔امریکی کانگریس کی خارجہ امور کمیٹی کے اراکین نے کہا خطے کے حالات پر ہمیں شدید تشویش ہے آپ کے تحفظات اور خدشات کو خارجہ امور کی کمیٹی کے سامنے رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کی پامالی انتہائی سنگین ہے دنیا میں جہاں کہیں بھی یہ ہو ہمیں اس پر تکلیف ہوتی ہے۔امریکی کانگرس کی خارجہ امور کمیٹی کے اراکین رون رائیٹس،اینجی چن اور عامر علی روپانی نے وزیراعظم آزادکشمیر کو ہر ممکن تعاون کا یقین بھی دلایا۔