کشمیر میں مظالم پر عالم اقوام نے آنکھیں بند کر رکھی ہیںِجام کمال

192

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) کوئٹہ میں بھی یوم آزادی پر کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے ہاکی گرائونڈ میں یکجہتی کشمیر جلسہ منعقد کیا گیا، جس میں حکومتی اور اپوزیشن جماعتوں سمیت ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ اپوزیشن اور حکومتی جماعتوں نے کشمیریوں کی خصوصی حیثیت کے خاتمے پر یک زبان ہوکر مودی سرکار کے نفرت آمیز اقدام کیخلاف صدائے احتجاج بلند کیا۔ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ آج کا دن ان لوگوں کے لیے سبق ہے جنہوں نے بھارت کے بہکاوے میں آکر بلوچستان میں خون کا بازار گرم کیا۔ بلوچستان میں حالت خراب کرنے والوں کو بھارت نے سبز باغ دکھائے۔ آج پورا بلوچستان بھارت کیخلاف کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے۔ وزیر اعلی بلوچستان نے کہا کہ بلوچستان کے عوام عید اور جشن آزادی کشمیر کے ساتھ اظہار یکجہتی کر کے منا رہے ہیں صوبے کی تاریخ میں پہلی بار جلسے میں کسی سیاسی پارٹی کا پرچم نظر نہیں آیا، سب ایک پرچم کے سائے تلے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں مودی سرکار کے مظالم پر عالم اقوام نے آنکھیں بند کر رکھیں ہیں بھارت میں مسلمانوں سمیت ہندؤ مذاہیب کی اقلیتیں بھی محفوظ نہیں ہیں۔ اس موقع پر ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج بھارت کیخلاف پورا بلوچستان ایک آواز ہے بھارت نے بلوچستان میں دہشت گردی کا جواز پیدا کیا جس میں کئی سیکورٹی اہلکار اور سویلین شہید ہوگئے۔ آج بھارت کا مکرو چہرہ پوری دنیا میں عیاں ہوچکا ہے۔ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے مظلوم عوام کشمیری کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ بلوچستان کی اپوزیشن جماعتوں کے رہنماوں نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو آپسی سیاسی اختلافات بالائے طاق رکھتے ہوئے دشمن کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بنے کی ضرورت ہے۔