پاکستان کی نمائندگی کرنے والی پہلی باحجاب خاتون ویٹ لفٹر

532

پاکستانی نژاد امریکی خاتون کلثوم عبداللہ نے پہلی پاکستانی خاتون ویٹ لفٹر ہونے کا اعزاز اپنے نام کرلیا ، وہ ویٹ لفٹنگ میں حصہ لینے والی پہلی باحجاب خاتون ہیں۔

کلثوم عبداللہ شعبے کے لحاظ سے کمپیوٹر انجینئر ہیں اور جارجیا انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی سے پی ایچ ڈی کرچکی ہیں۔ ان کے والدین خیبر پختونخواہ سے تعلق رکھتے ہیں تاہم  اپنی بیٹی کی پیدائش سے قبل امریکا منتقل ہوگئے تھے۔

کلثوم عبداللہ سنہ 2010 سے  ویٹ لفٹنگ کے مقابلوں میں حصہ لے رہی ہیں، وہ دنیا کی پہلی باحجاب خاتون لفٹر بھی ہیں تاہم اب حجاب کی وجہ سے ان پر عالمی مقابلوں میں شرکت کرنے پر پابندی عائد کی جارہی ہے۔

انہوں نے سنہ 2011 میں امریکی قومی مقابلوں میں حصہ لیا تھا، اسی سال انہوں نے عالمی سطح پر ورلڈ ویٹ لفٹنگ چیمپئن شپ 2011 میں پاکستان کی نمائندگی بھی کی۔

سنہ 2012 میں انہوں نے جنوبی کوریا میں ہونے والے ایشیئن ویٹ لفٹنگ چیمپئن شپ میں بھی پاکستان کی نمائندگی کی۔ کلثوم نے ویٹ لفٹنگ کے امریکن اوپن مقابلوں کے لیے بھی کوالیفائی کیا تاہم ویٹ لفٹنگ کمیٹی نے ان کے حجاب کی وجہ سے ان پر پابندی عائد کردی۔

کلثوم کا کہنا ہے کہ دوران تعلیم بہت کم عمری میں ہی انہیں احساس ہونا شروع ہوگیا کہ ہر شعبے میں مردوں کی اجارہ داری قائم ہے تاہم اپنے اہلخانہ کی بہترین معاونت کے باعث ہی وہ اپنے پسندیدہ شعبے میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئیں۔