حکومت صنعتوں کو آسان قرضوں کی سہولیات فراہم کرے ،احمد حسن مغل

155

اسلام آباد(اے پی پی) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احمد حسن مغل نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پیداواری سرگرمیوں میں اضافہ، سرمایہ کاری اور برآمدات کے فروغ کے لیے صنعتوں کو آسان قرضوں کی سہولیات فراہم کی جائیں جس سے یہ شعبہ ترقی کرے گا، نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور ملک سے غربت و بے روزگاری میں کمی واقع ہو گی۔ منگل کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی معیشت کو چلانے کے لیے زیادہ تر بیرونی قرضوں پر انحصار کر تا رہا ہے جس وجہ سے ملک اس وقت شدید مشکلات کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ قرضوں پر انحصار کم کرنے کی ضرورت ہے کہ حکومت ملکی صنعتوں کو آسان شرائط پر قرضے فراہم کرنے پر توجہ دے تا کہ ملک کے اندر سے ہی ریونیو اکٹھا کر کے معیشت کو مزید مشکلات سے بچایا جا سکے۔ احمد حسن مغل نے کہا کہ کئی کاروباری ادارے اپنے کاروبار کو وسعت دینے، نئے صنعتی یونٹس لگانے اور ٹیکنالوجی کو ا پ گریڈ کرنے کے لیے نئے منصوبوں پر کام کر رہے تھے لیکن ا سٹیٹ بینک کی طرف سے شرح سود کو بڑھانے اور ڈالر کے مقابلہ میں روپے کی قدر میں بے تحاشا کمی کی وجہ سے کاروبار کی لاگت میں بہت اضافہ ہو گیا ہے جس وجہ سے ان اداروں نے اپنے منصوبوں پر کام روک لیا ہے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت صنعتی اداروں کو پانچ سے چھ فیصد شرح سود پر قرضے فراہم کرے تا کہ یہ ادارے صنعتی مشینری اور دیگر مطلوبہ سامان خرید کر اپنے کاروبار کو اپ گریڈ کر سکیں۔ انہوںنے کہا کہ حکومت خاص طور پر انجینئرنگ، فوڈ پراسسنگ اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت ان صنعتی اداروں کو آسان قرضے فراہم کرے جو برآمدات کو فروغ دینے کی بہتر صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ سستے قرضے فراہم کرنے سے نئی سرمایہ کاری اور برآمدات کو بہتر ترقی ملے گی۔ آئی سی سی آئی کے صدر نے کہا کہ حکومت اسلام آباد سمیت دیگر بڑے شہروں میں نئے انڈسٹریل زونز قائم کرنے پر توجہ دے جس سے صنعتی سرگرمیوں میں تیزی آئے گی۔انہوں نے کہا کہ بہت سے لوگوں کے پاس نئی صنعتیں لگانے کیلئے پیسہ موجود ہے لیکن ان کو مناسب قیمت پر زمین دستیاب نہیں ہے جس وجہ سے وہ سرمایہ کاری کرنے سے قاصر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہر 10 لاکھ آبادی والے شہر میں کم از کم ایک انڈسٹریل زون قائم کرے جس سے مقامی سطح پر لوگوں کیلئے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور بڑے شہروں و قصبوں پر آباد ی کا دبائو بھی کم ہو گا۔ انہوںنے کہا کہ حکومت کی معیشت کو مستحکم کرنے کی پالیسیوں کی وجہ سے عوام کی قو ت خرید کافی کم ہو گئی ہے جس وجہ سے صنعتی مصنوعات کی مانگ کم ہوئی ہے لہذا انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت صنعتوں کے قرضوں کو ری شیڈول کرنے میں ان کے ساتھ تعاون کرے تا کہ صنعتوں کو مزید مسائل سے بچایا جا سکے۔