دورہ امریکا کامیاب رہا ، ڈونلڈ ٹرمپ جلد پاکستان آئیں گے، وزیر اعظم

252
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کابینہ کے اجلاس سے خطاب کررہے ہیں
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کابینہ کے اجلاس سے خطاب کررہے ہیں

اسلام آباد (صباح نیوز)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ دورہ امریکا کامیاب رہا ، ڈونلڈ ٹرمپ جلد پاکستان آئیں گے۔جمعرات کو اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان برابری کی سطح پر امریکا میں خود کو منوانے میں کامیاب رہا، مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے میں پاکستان نے بھرپور کردار ادا کیا۔ انہوں
نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات ماضی کی نسبت مستقبل میں بہترین رہیں گے۔ وزیراعظم نے امریکی صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت کے حوالے سے کابینہ کو اعتماد میں لیا۔علاوہ ازیں وفاقی کابینہ میں سابق وزرائے اعظم یوسف رضا گیلانی راجا پرویز اشرف اور سابق صدر ممنون حسین کے بیرون ملک دوروں پر ہونے والے اخراجات کی تفصیلات پیش کر دی گئیں ۔وزیراعظم نے کہا کہ سابق حکمرانوں سے عوام کے ٹیکس کا پیسہ واپس لیا جائے گا۔کابینہ نے 5ریگولیٹری اتھارٹیز کے انتظامی اختیارات متعلقہ وزارتوں سے لے کر کابینہ ڈویژن کو منتقل کرنے، پاسپورٹ سے پیشے کا کالم ختم کرنے اور وزارت خزانہ کے ایڈیشنل سیکرٹری برائے اخراجات کو قرضہ تحقیقاتی کمیشن کا سیکرٹری مقرر کرنے کی بھی منظوری دی۔ کابینہ نے 17جولائی کو اقتصادی رابطہ کمیٹی اجلاس میں ہونے والوں فیصلوں کی توثیق بھی کی۔