” وزیراعظم نے کبھی ڈیزائنر کپڑے نہیں پہنے “

1394

وزیراعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری نے وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکا کے دوران زیب تن کیے جانے والے لباس کا کریڈٹ لینے والے ڈیزائنرز کے دعوے کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم نے کبھی ڈیزائنر کپڑوں میں دلچسپی نہیں لی۔

وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکا کے دوران زیب تن کیے جانے والے لباس کے خوب چرچے رہے۔ اپنے دورے کے دوران وزیراعظم نے گہرے نیلے رنگ کی شلوار قمیض اور ہم رنگ ویسٹ کوٹ زیب تن کیا تھا۔ اس لباس میں ان کی امریکی صدر ٹرمپ اورخاتون اول کے ساتھ تصاویر بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں۔ تاہم سوشل میڈیا پر مختلف لوگوں نے وزیراعظم کا لباس ڈیزائن کرنے کا دعویٰ  کیا تھا۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری نے وزیراعظم عمران خان کے لباس کا کریڈٹ لینے والے ڈیزائنرز کے دعوے کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم نے کبھی ڈیزائنرز کے کپڑوں میں دلچسپی ظاہر کی اور نہ پہنے۔ بالخصوص عمران خان کے سادہ شلوار قمیض کے بارے میں کیے جانے والے دعوے غلط ہیں۔زلفی بخاری نے کہا خاتون اول بشری بی بی خود عمران خان کے لئے کپڑے خریدتی ہیں اور مقامی درزی سے سلواتی ہیں۔ لہذا وہ تمام لوگ جو وزیراعظم کے لباس کا کریڈٹ لے رہے ہیں وہ نہ صرف جھوٹے ہیں بلکہ دھوکے باز بھی ہیں۔