علما اور سیاسی رہنما قبائل میں دشمنیاں ختم کروائیں،عبدالحق ہاشمی

272

کو ئٹہ (نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی کے صوبائی امیر مولاناعبدالحق ہاشمی نے کہاہے کہ قبائلی دشمنی نے بلوچستان کے پشتون وبلوچ عوام ، معیشت وتجارت کوتباہ کرکے رکھ دیاہے ،کاکڑقوم کے سربراہان ، علما ،سیاسی عمائدین دشمنی ختم کرانے میں فی الفور مخلصانہ کردار ادا کریں ۔جماعت اسلامی ہر قسم کے تعاون کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوموں وقبیلوں کو لڑانے والے اپنی آخرت تباہ کررہے
ہیں ،قبائلی دشمنی کو ختم کروانے والوں کی دنیاوآخرت سنور سکتی ہے ،کاکڑ مسے زئی قبائل کے درمیان دشمنیاں ،قیمتی جانوں کا نقصان لمحہ فکر ہے ۔قبائلی سردارنواب اور عمائدین دشمنیوں کو ختم کرنے کے لیے فی الفور کام کریں ۔انہوں نے کہا کہ کاکڑ،اچکزئی ،ترین سمیت بلوچ قوم کے مختلف قبائل میں بھی قبائلی دشمنیاں نسل درنسل چل رہی ہیں جس نے نسلوں کو تباہ کر دیا ہے ،ہمارے بچے تعلیم وتربیت سے دور ہو کر رہ گئے، دشمن ان سازشوں کو ہوا دے رہے ہیں ۔ان حالات میں علمائے کرام ،قبائلی عمائدین اورسیاسی قیادت پر ذمے داری عاید ہوتی ہے کہ وہ قبائلی دشمنیوں کو ختم وکم کروائیں ۔انہوں نے کاکڑ قوم کے عمائدین ،سربراہان اورعلمائے کرام سے اپیل کی معمولی غلطی وغلط فہمی کی وجہ سے نوجوان نسل درنسل تباہ ہورہے ہیں ۔
عبدالحق ہاشمی