یورپ بھر میں شدید گرمی‘ فرانس میں نیا ریکارڈ قائم

176

پیرس (انٹرنیشنل ڈیسک) یورپی ممالک میں شدید گرمی کی لہر کے دوران فرانس کے شہر بورڈوا میں درجہ حرارت کا نیا ریکارڈ قائم ہوا ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق فرانسیسی محکمہ موسمیات نے جنوب مغربی شہر میں موسم کی شدت 41.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کی، جسے اب تک کا بلند ترین درجہ حرارت قرار دیا گیا ہے۔ اس سے قبل 2003ء میں 40.7 ڈگری سینٹی گریڈ بلند ترین درجہ ریکارڈ ہوا تھا۔ موسم کی پیش گوئی کرنے والے اداروں کے مطابق رواں ہفتے بلجیم، جرمنی اور نیدرلینڈ سمیت یورپ بھر میں ریکارڈ توڑ گرمی پڑنے کا امکان ہے۔ عالمی موسمیاتی تنظیم ڈبلیو ایم او کی ترجمان کلیئر نلِس کا کہنا ہے کہ گرمی کی لہریں واضح طور پر موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے ہیں، جو اب پہلے سے زیادہ آتی ہیں اور پہلے سے زیادہ شدید ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ سلسلہ ختم ہونے والا نہیں۔ فرانس کے زیادہ تر حصوں میں اورنج الرٹ جاری کیا گیا ہے جو کہ انتباہ کا دوسرا بلند ترین درجہ ہے۔ فرانس کے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے پیرس میں جمعرات کے روز درجہ حرارت نئی بلندی تک پہنچ سکتا ہے۔