معیشت کو دستاویزی کرنے کے لیے 3برس کا وقت دیا جائے، حبیب شیخ

166

کراچی( اسٹاف ر پورٹر) کراچی سندھ تاجر اتحاد کے چیئرمین حبیب شیخ نے کہا ہے کہ معیشت کو دستاویزی کرنے کے تاجر برادری کو 3برس کا وقت دیا جائے، حکومت جلد بازی کے بجائے تاجر برادری میں آگاہی مہم کے ذریعے اعتمادبحال کرے اور ہر سال دستاویزات میں مرحلے وار اضافہ کیا جائے تو اس سے ناصرف ملک کے اندر کرپشن کا خاتمہ ہوگا بلکہ حکومتی ریونیو میں خاطر خواہ اضافہ بھی ممکن ہو سکے گا اور معیشت بھی مکمل طورپر دستاویزی ہو جائے گی۔گزشتہ روز اپنے ایک جاری کردہ بیان میں حبیب شیخ نے کہا کہ ملک میں کرپشن کے خاتمے کے لیے حکومت تاجر برادری سمیت ہر شعبے کا احتساب ہونا ضروری ہے ۔شیخ حبیب نے کہا کہ کاروباری سرگرمیاں متاثر ہونے سے پاکستان کے 22 کروڑ عوام پریشانی اور خوف کی صورتحال سے دوچار ہوگئے ہیں اور قربانی کا مویشی لینے پر ڈر رہے ہیں۔حبیب شیخ کا مزید کہنا تھا کہ ہر پاکستانی ٹیکس دینا چاہ رہا ہے اور ہر پاکستانی ٹیکس ادا بھی کر رہا ہے، پاکستان کی تاجر برادری بھی محب وطن ہے وہ کبھی بھی ٹیکس کی ادائیگی سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔ حبیب شیخ نے مزید کہا کہ 60 سے 70برس کا ٹیکس ایک دن میں لینے کی بات کرنے کے بجائے طریقہ کار اپنانا ضروری ہے تاکہ ملکی معیشت میں اس وقت جو غیر یقینی صورتحال ہے اس کا خاتمہ ہو سکے اور تاجر برادری خوف کے بجائے خوشی سے ٹیکس کی ادائیگی کریں۔