ڈی جی سی اے اے نے خود ہی شکایت کی اور خود ہی عدالت لگادی

144

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ڈائریکٹر انجینئرنگ سمیر سعید کو اور ایڈیشنل ڈائریکٹر ہیومن ریسورسز ریاض احمد کو جبری ریٹائر کردیا ہے ۔ ڈائریکٹر انجینئرنگ سمیر سعید جو سابق ڈائریکٹر ہیومن ریسورسز بھی رہ چکے ہیں ، کے خلاف ڈائریکٹر جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی شاہ رخ نصرت نے کئی انکوائریاں شروع کررکھی تھیں ۔ واضح رہے کہ شاہ رخ نصرت ایوی ایشن ڈویژن کے سیکرٹری بھی ہیں اور ان کے پاس سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل کا اضافی چارج ہے ۔ اس طرح سے شکایت کنندہ بھی شاہ رخ نصرت خود ہیں اور مذکورہ شکایت پر فیصلہ کرنے والی شخصیت کا نام بھی شاہ رخ نصرت ہی ہے ۔ قائم مقام ڈائریکٹر جنرل شاہ رخ نصرت کے دستخط سے جاری کردہ سمیر سعید کی جبری سبکدوشی کے خط میں تحریر ہے کہ مجاز اتھارٹی سیکرٹری ایوی ایشن (شاہ رخ نصرت ) نے تحقیقاتی بورڈ کے اظہار وجوہ کے نوٹس کے ضمن میں آپ کا جواب ملاحظہ کیا۔ مجاز اتھارٹی (شاہ رخ نصرت ) یہ سمجھتی ہے کہ آپ پر لگائے گئے الزامات درست ہیں اس لیے آپ کو فوری طور جبری سبکدوشی کی سزا دی جاتی ہے ۔ واضح رہے کہ شاہ رخ نصرت کی تعیناتی کی مدت میں توسیع نہ ہونے کے باعث ان کے کیے گئے انتظامی فیصلوں پر پہلے سے سوالیہ نشان ہے ۔ 16 جنوری 2019ء کو سیکرٹری ایوی ایشن شاہ رخ نصرت کو 3 ماہ کے لیے ڈی جی سی اے اے کا اضافی چارج دیا گیا تھا۔ مذکورہ حکم نامے کی رو سے 16اپریل کو3 ماہ گزرنے کے بعد شاہ رخ نصرت ڈی جی سی اے اے نہیں رہے کیوں کہ ان کی تعیناتی کی مدت میں توسیع کا کوئی نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا ہے ۔ چونکہ شاہ رخ نصرت خود ہی ایوی ایشن ڈویژن کے سیکرٹری بھی ہیں ، اس لیے ان کے خلاف ایوی ایشن ڈویژن سے بھی کوئی باز پرس نہیں کی گئی ہے ۔