حیدر آباد،واسا ملازمین کی تنخواہ اور پینشن کی عدم ادائیگی کیخلاف احتجاج جاری

253

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) ایچ ڈی اے ایمپلائز یونین کی جانب سے واسا ملازمین کی پانچ ماہ کی تنخواہیں‘ پنشن اور ورک چارج ملازمین کی سات ماہ کی تنخواہوں کی عدم ادائیگی کیخلاف پیر کے دن بھی پریس کلب کے سامنے احتجاجی دھرنا جاری رہا۔ اس موقع پر آرگنائزر اعجاز حسین، عطر خان چانگ، نیاز حسین چانڈیو، بلاول ملاح، وحید اللہ ودیگر نے کہا کہ ایچ ڈی اے واسا ملازمین کو مسلسل نظر انداز کررہی ہے اور تنخواہوں و پنشن کی ادائیگی کے لیے ٹال مٹول سے کام لے رہی ہے، جس کی وجہ سے واسا ملازمین سخت معاشی بدحالی کا شکار ہیں۔ عبدالقیوم بھٹی نے وزیر اعلیٰ سندھ، وزیر بلدیات، چیف سیکرٹری سندھ سے مطالبہ کیا کہ اپنے 24 فروری 2017ء کے فیصلے اور واٹر جوڈیشل کمیشن کے فیصلوں پر عمل درآمد کراتے ہوئے سندھ کے موجودہ سرکاری اداروں پر واجب الادا ہونے والے تین کروڑ ساٹھ لاکھ روپے ماہانہ فوری اور مستقل بنیاد پر ادا کرائیں۔ واسا کے کرپٹ افسران کا احتساب کیا جائے بصورت دیگر حیدر آباد میں نکاسی وفراہمی آب کا نظام بند کردیں گے۔