فردوس عاشق کی صحافیوں کے پلاٹوں پر مکانات تعمیر کرانیکی یقین دہانی

140

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی یونین آف جرنلسٹس دستور کی تجویز پر وزیراعظم پاکستان عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کراچی پریس کلب کے ارکان کے پلاٹوں پر مکان بنانے کے لیے ہامی بھرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما، اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی فردوس شمیم نقوی کو بنائی گئی کمیٹی کا فوکل پرسن مقرر کر دیا۔ پیر کو کراچی پریس کلب کے خصوصی دورے کے موقع پر فردوس عاشق اعوان نے کراچی پریس کلب اور کراچی یونین آف جرنلسٹس کے تمام گروپس کے عہدیداروں سے طویل ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے‘ اس موقع پر فردوس عاشق اعوان نے وزیراعظم ہاؤسنگ اسکیم کا ذکر کرتے ہوئے صحافیوں کے گھروں کی بھی بات کی تو اس موقع پر کراچی یونین آف جرنلسٹس دستور کے سیکرٹری محمد عارف خان نے کہا کہ کراچی پریس کلب کے اراکین کے پاس پلاٹ موجود ہیں‘ حکومت ان پر گھر تعمیر کروادے جس پر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ یہ ایک قابل عمل تجویز ہے جس پر غور کیا جا سکتا ہے جس پر محمد عارف خان نے فردوس عاشق اعوان سے مزید کہا کہ یہاں موجود پی ٹی آئی کے رہنما فردوس شمیم نقوی اور کراچی پریس کلب کے عہدیداروں پر مشتمل ایک کمیٹی بنا دیں جو صحافیوں کے گھروں کی تعمیر کے حوالے سے قابل عمل تجاویز بنا کر حکومت کو پیش کرے‘ جس پر فردوس عاشق اعوان نے فردوس شمیم نقوی کو کمیٹی کا فوکل پرسن مقرر کرتے ہوئے کہا کہ وہ 2 دن کراچی میں ہیں‘ کے پی سی کے عہدیداران اور فوکل پرسن ان سے ملاقات کر سکتے ہیں۔