ورلڈ کپ فائنل ہار جاتے تو دوبارہ کبھی کرکٹ کھیلنے کے بارے میں نہیں سوچتا،جوز بٹلر

422

ورلڈکپ چیمپئن بننے والی انگلش ٹیم کے وکٹ کیپر اور جارح مزاج بیٹسمین جوز بٹلر کا کہنا ہے کہ اگر ان کی ٹیم ورلڈ کپ فائنل میں ہار جاتی تو وہ دوبارہ کرکٹ کھیلنے کے بارے میں نہیں سوچتے۔

ایک انٹرویو کے دوران انگلش وکٹ کیپر کا کہنا تھا کہ انہوں نے اس فائنل سے قبل 8مرتبہ اپنی ٹیموں کی جانب سے فائنل مقابلوں میں حصہ لیا جس میں 7مرتبہ ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔سمرسیٹ کی جانب سے کھیلتے ہوئے انگلینڈ کے ڈومیسٹک ٹورنامنٹس کے ساتھ ساتھ انگلینڈ کی جانب سے 2013میں چیمپئنز ٹرافی کا فائنل اور 2016میں ویسٹ انڈیز کےخلاف ٹی ٹونٹی فائنل ایسے میچز ہیں جس میں انکی ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

جوز بٹلر کا کہنا تھا کہ اپنے سامنے حریف ٹیم کو ٹرافی اٹھاتے ہوئے دیکھنا بہت تکلیف کا باعث ہوتا ہے اور یہ درد وہ ایک مرتبہ پھر برداشت نہیں کرسکتے تھے ،انہیں ڈر لگ رہا تھا کہ اگرمیچ نہ جیتے تو انہیں معلوم کہ وہ دوبارہ کیسے کرکٹ کھیلیں گے ، یہ زندگی میں ایک مرتبہ ملنے والا موقع تھا، ایک ورلڈکپ کا فائنل وہ بھی لارڈز میں۔

جوز بٹلر کا مزید کہنا تھا کہ یہ ایک قسمت کی طرح محسوس ہوا، وہ سوچ رہے تھے کہ اگر فائنل نہیں جیتے تو ان کے پاس کافی عرصے تک دوبارہ کرکٹ بیٹ اٹھانے کی خود اعتمادی نہیں ہوگی۔