نیشنل ایکشن پلان پر عمل نہیں ہوا، قوم جنازے اٹھا رہی ہے، اسفند یار

147

پشاور (آن لائن) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفند یار ولی خان نے ڈی آئی خان میں خود کش دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے واقعے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اپنے ایک مذمتی بیان میں انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر ملک بھر میں کہیں بھی عمل درآمد نہیں ہوا جس کی وجہ سے قوم جنازے اٹھا رہی ہے۔ اے این پی بارہا مطالبہ کرتی آ رہی ہے کہ دہشت گردوں کو کچلنے کیلیے نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمدیقینی بنایا جائے اور تمام کالعدم تنظیموں کی پناہ گاہوں و سہولت کاروں کے خلاف ٹارگٹڈ کارروائی کی جائے لیکن صرف مصلحت سے کام لیتے ہوئے ہماری بات کو سنجیدگی سے نہیں لیا جا رہا، جس کے باعث دہشت گرد منظم ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈی آئی خان دھماکا دہشت گردوں کی جانب سے خطرے کی گھنٹی ہے تاہم اب وقت ہے کہ مستقبل میں بڑی تباہی سے بچنے کیلیے اس بارے میں سنجیدہ اور ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے غمزدہ خاندانوں کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اے این پی لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے۔
اسفند یار ولی