فوڈ اتھارٹی عوام اور تاجروں کیلیے زحمت بن گئی ہے ،حاجی نعیم احمد

219

فیصل آباد (جسارت نیوز)صدر فوڈ بورڈ،نائب صدر انجمن تاجران سپریم کونسل حاجی نعیم احمد نے کہا ہے کہ فوڈ اتھارٹی عوام اور تاجروں کے لیے زحمت بن گئی ہے ۔حفظان صحت کے اصولوں کے نام پر ہوٹل مالکان اور تاجروں کو پریشان اور بلیک میل کیا جا رہا ہے ۔ فوڈ اتھارٹی نے حفظان صحت کے اصولوں کی آڑ میں ہوٹل سیل کرنے اور تاجروں کو پریشان کرنے کا سلسلہ بند نہ کیا تو فوڈ اتھارٹی کے خلاف سڑکوں پر نکل آئیں گے ۔ہوٹل مالکان اور تاجروں کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فوڈ اتھارٹی کے ایس او پیز یورپین ممالک کی طرز پر بنائے گئے ہیں مگر ان کو نافذ پاکستان میں کیا جا رہا ہے ۔کوئی بھی ہوٹل مالک ان کے معیار پر پورا نہیں اتر سکتا ۔فوڈ بورڈ نے اپنی سفارشات وزیر اعلیٰ پنجاب کو بھجوا دی ہیں جب تک ان پر عمل در آمد نہیں ہوتا فوڈ اتھارٹی کو پابند کیا جائے کہ وہ ہوٹلوں کو سیل نہ کریں ۔انہوں نے کہا کہ تاجر 20سے زائد مختلف قسم کے ٹیکسز حکومت کو جمع کرواتے ہیں اس کے باوجود بھی ان کے کاروبار کو کوئی قانونی تحفظ نہیں ہے ۔انہوں نے ڈی جی فوڈ سے مطالبہ کیا کہ فوڈ اتھارٹی کو اپنی مرضی کی من مانیوں سے روکا جائے ۔